• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے کیلئے تیار ہیں، نئی حکومت سے مکمل تعاون کرینگے، برطانوی وزیراعظم

لندن، واشنگٹن، برلن،انقرہ (نیوز ایجنسیاں) عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر دنیا کے مختلف ممالک نے مبارک باد کے پیغا مات دیئے ہیں،برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے کیلئے تیار ہیں ، حکومت کی مکمل معاونت کرینگے، امریکہ نے کہا ہےکہ امید ہے نئی پاکستانی حکومت واشنگٹن کے ساتھ تمام مشکل معاملات کے حوالے سے کام کریگی۔جرمنی کا کہنا ہےکہ دونوں ممالک میں دوستانہ تعلقات مزید گہرے ہونگے، ترکی نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہےکہ دونوں ملکوں میں تعلقات مزید بہتر ہونگے، اس کے علاوہ ایران، متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک نے بھی مبارک باد کے پیغامات دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابقبرطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات مزید متحرک اور سرگرم کرنے اور پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے کیلئے تیار ہیں، نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر اپنے برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے، منی لانڈرنگ کے انسداد کیلئے بیرونی حکومتوں خصوصاً برطانیہ سے اشتراک کے خواہاں ہیں۔برطانوی وزیر اعظم نے نومنتخب وزیر اعظم پاکستان کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا۔عمران خان اور برطانوی وزیراعظم کی ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بعد ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کو حالیہ انتخابات میں کامیابی اور نئی پوزیشن پر مبارکباد پیش کرتی ہیں، بعد ازاں یہ بیان برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے مقامی میڈیا کے ساتھ شیئر کیا گیا۔علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے بات چیت کرکے خوشی ہوئی ،برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اہم اور وسیع تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے پاس دوطرفہ تجارت اور باہمی سیکورٹی مسائل کے علاوہ ساتھ کام کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔ امر یکہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات کی نفی کرتا ہے کہ امریکہ مذکورہ انتخابات سے ناخوش ہے ۔ قبل ازیں ایک سینئر امریکی عہدیدار نے اس اْمید کا اظہار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت امریکہ کے ساتھ تمام مشکل معاملات کے حوالے سے کام کریگی جن میں مشترکہ کامیابی کے مسائل بھی شامل ہیں۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے کہا کہ ہم عمران خان کو وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے جرمنی اورپاکستان کے دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزیدگہرے ہونگےاور ورعلاقائی استحکام کیلئے عمران خان پڑوسیوں سے تعلقات بہترکریں گے۔ جرمن چانسلر نے، پاکستان کی معیشت،انسداددہشت گردی،جمہوریت کیلئے حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہرکیا۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عمران خان کا انتخاب بہادر اور عزت مند پاکستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے۔حسن روحانی نے کہا کہ ایران پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے، امید ہے عمران خان کے دور اقتدار میں عالم اسلام کی وحدت میں اضافہ ہو گا۔ایران کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔

تازہ ترین