• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی جانب سے پاکستان میں معروف پادریوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ

لندن ( نیوز ڈیسک ) چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے سی ) قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پاکستان میں معروف پادریوں کے اعزاز میں ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ ڈنر میں شرکت کرنے والوں میں دیگر کے علاوہ ہز ایمیننس کارڈینل جوزف کوٹس اور رائٹ ریورینڈہمفرے سرفراز پیٹر قابل ذکر تھے۔چیف آف آرمی سٹاف نے کارڈینل کوٹس کی تقرری کو ایک عظیم قومی اعزاز اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے پاکستانی مسیحیوں کی جانب سے قومی ترقی بشمول معیاری تعلیم ،ہیلتھ کیئر اور مخیرانہ خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع میں بڑی تعداد میں اقلیتی ارکان کی جانب سے اہم کردار کی ادائیگی کا خاص طور پر ذکر کیا۔انہوں نے مسیحی کمیونٹی کیلئے اپنے انتہائی احترام کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرہ میں کثیر مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے تاکہ اتحاد اور پروگریسیو پاکستان کے قیام کیلئے قائد اعظم کےوژن کی جانب بڑھا جا سکے۔کارڈینل کوٹس اور ریوینڈ پیٹر نے اپنے ریمارکس میں آرمی چیف کے اظہاریہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ارشادات پاکستانی اقلیتوں کیلئے قومی تعمیر اور اتحاد کیلئے زبردست متاثر کن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ترقی اور پروگریس کیلئے مسیحی کمیونٹی مثبت کردار ادا کرے گی۔ دیگر معروف شخصیات میں آرک بشپ سیبسشن فرانسس شا، آرک بشپ جوزف ارشد ، بشپ بینی مارلو ٹریوس اور فادر سہیل پیٹرک شامل تھے۔ چرچ آف پاکستان کی نمائندگی رائٹ ریورینڈ عرفان جمیل ، رائٹ ریورینڈ روڈرک لیو پال، رائٹ ریورینڈ جان سموئیل ، رائٹ ریورینڈ ایلون سموئیل ، بشپ مانو رومل شاہ ، ریورینڈ مقصود کامل اور ریورینڈ ندیم کامل نے بھی شرکت کی۔سنیٹر جان کینتھ ولیم اور مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کئی حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران نے بھی ڈنر میں شرکت کی۔

تازہ ترین