• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنےکیلئے اقدامات اٹھائیں گے، سردار صدیق

برسلز (حافظ انیب ارشد/عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے صدر سردار صدیق نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی امید بن کر وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ وہ بہت جلد ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے کلیدی اقدامات اٹھائیں گے اور ملک ترقی وخوشحالی کی جانب سفر شروع کرے گا۔ پوری قوم حالیہ تبدیلی سے نہ صرف خوش ہے بلکہ نئے پاکستان کا دور دورہ شروع ہونے والا ہے۔ عمران خان نے قوم کے ساتھ جو وعدے کیے اب ان کے پورے ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےعمران خان کےوزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے کی خوشی میں منعقدہ پروگرام میں کیا۔ پاکستان زندہ باد کے عنوان سے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ خافظ انیب راشد نے کیا۔ اس موقع پر سردار صدیق نے پی ٹی آئی بلجیم کے ممبران کےمتحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اب ہمیں مزید سوچ سمجھ کر قدم رکھنا ہوگا کیونکہ حریف جماعتیں رکاوٹیںڈالنے کی کوششیں کریں گی۔ عمران خان نے پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے اور سستے انصاف کی فراہمی کے حصول کیلئےنچلی سطع سے صفایا کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ پی ٹی آئی بلجیم کے وائس چیئرمین بابر عرفان نے کہا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں اور پاکستان میں ترقی وخوشحالی کا آغاز شروع ہوچکا ہے۔ سینئررہنما سلیم میمن نے کہا کہ نو منتخب وزیراعظم عمران خان کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کرکے لوٹی ہوئی دولت واپس ملک میں لائیں گے ۔ پی ٹی آئی بلجیم کے سابق صدر سرفراز رفیقی نے کہا کہ آج کے دن وہ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے عمران خان کی بائیس سالہ جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا۔ کینتھ رائے نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جیت پاکستان کی جیت ہے ہمیں چاہیئے کہ اس وقت عمران خان کے ساتھ ملکر ملک کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں۔ پروگرام میں کیک کاٹ کرعمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر والہانہ انداز میں نعروں کی گونج میں یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پروگرام میں برسلز کمیون کے امیدوار برائے کونسلر محمد ناصر نے خصوصی شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں بہت بڑی تبدیلی کی علامت بن کر ابھری ہے اور بلا شبہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
تازہ ترین