• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں چاند کی رویت پر اختلافات برقرار، دو عیدیں منائی جائیں گی

برمنگھم (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں اس مرتبہ ایک بار پھر دو عیدیں منائی جائیں گی، نماز عید کا بڑا اجتماع برمنگھم وارڈ اینڈ پارک میں بروز منگل21اگست کوہوگا جس میں امام خالد محمود حسین کی امامت میں نماز ادا کی جائے گی۔ امام خالد محمود نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں ایک عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسمعیل علیہ السلام کی قربانی پیش کی اور ان کی جگہ رب کریم نے جنت سے دنبہ بھیج کر ان کی قربانی قبول فرمائی۔ عظیم مذہبی تہوار ہمیں آپس میں اتحاد و یکجہتی کا درس دیتا ہےتاکہ ہم صبر و برداشت سے اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وارڈ اینڈ پارک میں صفائی کرلی گئی ہے،اس عظیم الشان اجتماع میں خواتین، بچے، بوڑھے سب شریک ہوں گے۔ سمال ہیتھ پارک سمیت مسجد علی، سینٹرل مسجد اور سعودی عرب کے ساتھ عید منانے والے بروز منگل کو اور بریلوی مکتبہ فکر کےجامعہ مسجد ہارونیہ، سلطان باہو ٹرسٹ، امیر ملت مسجد، گھمگول مسجد، ضیاء القرآن، ادارہ منہاج القرآن، علی ہجویری، آمینیہ سلطانہ ایجوکیشن ٹرسٹ، گلبہار شریف بروز بدھ کو عید منائیں گے۔
تازہ ترین