• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریر:محمد سعید مغل ایم بی ای…برمنگھم
اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کی ہر مشکل وقت میں بھرپور مدد کرتے ہیں۔ زلزلہ ہو ، سیلاب ہو ہر مشکل میں مدد کے لئے تیار رہتے ہیں جب ملک بیرونی قرضوں کے نیچے دب گیا تھا اس وقت کے وزیراعظم میاں نوازشریف نے مدد کی اپیل کی تھی کہ قرض اتارو ملک سنوارو جس پر اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر زرمبادلہ کی شکل میں  فنڈز دیئے، اس وقت کے حکمرانوں نے ملک کا قرضہ تو نہ اتارا مگر اپنی زندگی سنوارلی۔ دنیا بھر کے ممالک نے 2005 کے زلزلہ کے دوران امداد کی لیکن متاثرین زلزلہ آج تک اپنے گھروں میں واپس آباد نہیں ہوسکے، اسی طرح منگلا ڈیم کی تعمیر کے وقت بھی حکومت نے کچھ وعدے کئے تھے کہ میرپور اور اس کے نزدیکی شہروں کو بجلی مفت دی جائے گی، منگلا بجلی گھر سے پورے پاکستان کو بجلی دی گئی ، لیکن منگلا ، میرپور کا شہر بجلی سے محروم رہا، پھر منگلا ڈیم کے پانی سے پورے پاکستان کو سیراب کیا گیا لیکن منگلا اور میرپور شہر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، برطانیہ میں نئے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمر خان تعینات ہوئے ہیں جو نہایت تجربہ کار اور فارن پالیسی کے ماہر ہیں انہوں نے کمیونٹی ایک وفد سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ بیمار، عمر رسیدہ اور معزور افراد کو سفری دستاویزات ہمارا عملہ ان کے گھر مہیا کرے گا، میں ان کے اس اعلان پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو یقین ہوگیا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، ماضی میں بھی یہ کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانی یہاں پاکستان کے سفیر ہیں اوران کے مسائل حل کے جائیں گے مگر ہمارے مسائل میں اضافہ ہی ہوا۔ پاکستانی ہوتے ہوئے جب ہم پاکستان واپس جاتے ہیں ویزا لگوانا ضروری ہوتا ہے حالانکہ ہمارے پاس پاکستانی شناختی کارڈ ہوتا ہے،نادرا کارڈ کی پابندی ہے جب کہ کشمیریوں کے پاس ریاستی باشندہ ہونے کا سرٹیفکیٹ موجود ہوتا ہے۔ صاحبزادہ احمر خان نے یقین دلایا ہے کہ یہاں کمیونٹی کو ریلیف ملے گا جو خوش آئند بات ہے، ہائی کمیشن کی نئی بلڈنگ کے اخراجات اوورسیز دیتے ہیں لیکن آج تک یہاں ہمارے مسائل کے حل کے لئے توجہ نہیں دی گئی، ماضی میں سفارتی سطح پر بھی کوئی قابل تعریف کام نہیں ہوا۔ آج پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے یہ حکمرانوں کی عیاشیوں کا نتیجہ ہے، اب نئی حکومت کے سربراہ عمران خان نے وعدہ کیا ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ واپس بیرون ملک سے لایا جائے گا۔ عمران خان نے گورنر پنجاب کے لئے چوہدری محمد سرور کو نامزد کیا ہے، وہ برطانیہ میں رہے ہیں، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر کہا ہے کہ اوورسیز کے مسائل مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہمیں ریلیف ملے گا یا نہیں یہ وقت بتائے گا،ہم امید کرتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
تازہ ترین