• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک بھر میں شدید احتجاج اور ریلیاں، پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ، لاہور (آئی این پی ) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف ملک بھر میں شدید احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ پنجاب اسمبلی نے مذمتی قرارداد منظور کرلی،مظاہرین نے کہا کہ نئی حکومت فی الفور ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے ۔ اتوار کو پنجاب اسمبلی نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ناموس رسالت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہالینڈ کے گستاخ سیاستدان کے اعلان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ادھر گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ہالینڈ حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ لکی مروت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بنوں میانوالی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ہالینڈ کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔بلوچستان کے علاقے چاغی میں بھی تحریک لبیک کے تحت گستاخانہ خاکوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ ہالینڈ کے خلاف نعرے بھی درج تھے۔ پشاور میں بھی تحریک لبیک کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی جو میلاد ہاؤس سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پشاور پر اختتام پذیر ہوئی۔ٹنڈومحمد خان میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے کارکنان نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے ہالینڈ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے عملی اقدامات کرے ، ہالینڈ کے سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کرے اور اس سے ہرقسم کے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا جائے۔

تازہ ترین