• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی 10 رکنی کابینہ آگئی، بابے آئوٹ، سعید غنی بلدیات، عذرا پیچوہو صحت، سردار شاہ تعلیم کے وزیرمقرر

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کی دس رکنی کابینہ تشکیل دے دی گئی‘ صوبائی کابینہ آٹھ وزراء اور دو مشیران پر مشتمل ہے‘نئی کابینہ میں بڑے بڑے بابے آؤٹ ہوگئے ہیں ‘قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے صوبائی وزراء سے حلف لیا‘ حلف برداری کی تقریب اتوار کو گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی ‘وزراء میں ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو‘ سعید غنی‘ سیدہ شہلارضا‘ اسماعیل راہو‘ سردار علی شاہ‘ شبیر بجارانی‘ ہری رام کشوری لال اور مخدوم محبوب الزمان شامل ہیں جبکہ کابینہ میں دو مشیروں بیرسٹر مرتضی وہاب اور محمد بخش مہر کو شامل کیا گیا ہے‘حلف کے بعد صوبائی کابینہ کے ارکان نے وزیراعلی مراد علی شاہ کی قیادت میں مزار قائد پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی ۔علاو ازیں حکومت سندھ نے نومنتخب 8صوبائی وزراء کے قلمدانوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی کے پاس وزارت بلدیات ،کچی آبادیز،دیہی ترقی،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان ہوگا‘عذارا پیچوہو کو صحت اوربہبود آبادی،شہلا رضا کوویمن ڈویلپمنٹ‘سردار شاہ کوتعلیم و ثقافت ، سیاحت اور آثار قدیمہ،اسماعیل راہو کو زراعت ، سپلائی اورپرائسز،شبیر بجارانی کو معدنیات، معدنی ترقی اوروسائل ،مخدوم محبوب الزمان کو ریونیو، ریلیف، صوبائی وزیرہری رام کشوری لال کوجیل خانہ جات ، اقلیتی امور، سماجی بہبود کے قلمدان سونپے گئے ہیں‘ سندھ کابینہ میں شامل وزیراعلی سندھ کے مشیربیر سٹر مرتضی وہاب کو قانون اور اینٹی کرپشن جبکہ محمد بخش مہر کو صنعت و تجارت کا محکمہ ملنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین