• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرائم کا ذمہ دار متعلقہ تھانیدار ہوگا،اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف کریک ڈائوں شروع کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کریک ڈائون شروع کریں‘ڈرگ مافیا اور گداگروں کےخلاف بھی آپریشن کیاجائے‘انہوں نے کہا کہ ان پر صرف کنٹرول ہی نہیں بلکہ ان کا خاتمہ ہونا چاہیے‘اگر جرائم ہوئے تومتعلقہ علاقے کا تھانیدارذمہ دارہوگا‘مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں اپنی تقریب میں کہا تھا کہ امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج بروز اتوار میں یہ اجلاس منعقد کررہاہوں۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے تمام تر حکومتی کاوشوں کو بروئے کار لایاجائے اور شہر میں امن و امان بحال کیاجائےلہٰذا اس(سماجی) برائی کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن مزید سخت اور موثر طریقے سے کیا جائے ۔انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے ایس ایچ اوز ذمہ دار ہیں نہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے پیچھے ڈرگ مافیا اور دیگر مافیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کہ شہر میں گدا گروں کا ریکٹ چلا رہے ہیں وہ بھی اسٹریم کرائم میں ملوث ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ڈرگ مافیا بشمول منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کریں ۔عید کے فوراً بعد منشیات کے عادی افراد کو بحالی کے مراکز یا پھر ویلفیئر تنظیموں میں بھیجنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ گدا گروں کو تمام چوراہوں پر کھڑے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے لہٰذا ان کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے۔ صوبے میں پولیس اور رینجرز کی تعداد123983 اہلکاروں پرمشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 30 پولیس ڈسٹرکٹس اور 623 پولیس اسٹیشنز ہیں۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر صوبے کی آبادی کو پولیس کی مجموعی تعداد کے ساتھ تقسیم کیا جائے تو 410 افراد کےلیے ایک پولیس کا تناسب سامنے آئے گا‘یہ کوئی خراب شرح نہیں ہے مگر ہمیں پولیس کو مزید ذمہ دار ، محنتی بنانا ہے تاکہ وہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے تندہی کے ساتھ کام کرسکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے دنوں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اس شہر کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کرنے کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیاجائے گا اور اسی قسم کی پالیسی صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اپنائی جائے گی جہاں پر امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔دریں اثناءوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خریف کےموسم کے دوران سندھ میں پانی کی قلت پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ دھان کی فصل کی بوائی کو پہنچنے والے نقصانات کی ایک تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کریں ۔ انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہائوس میں آبپاشی اور پینے کے پانی کے مسائل سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں دھان کی فصل کی بوائی مئی کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگئی ہے مگر اس سال پانی کی قلت کے باعث جس کا تخمینہ 40 سے 60 فیصد تک جاسکتا ہے سےآبادگار وں کو بہت تاخیر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ جنہوں نے بروقت کاشت شروع کیا تھا انہیں بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اُن کی زمین پر بوائی کیے گئے بیجوں کو پانی نہیں مل سکا۔انہوں نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی قلت کے باعث دھان کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر اندر انہیں پیش کریں۔
تازہ ترین