• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے دھرنے کا چیلنج دیا 15 دن دھرنا برداشت کرگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کو ایک ماہ کا دھرنا دینے کا چیلنج دیا ہے ‘اگر ہم نے دھرنا دیا اور وہ 15 دن بھی اس دھرنے کو برداشت کرگئے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا‘ عمران خان کی قومی اسمبلی میں پہلی تقریر بچگانہ تھی وہ پارلیمنٹ کو بھی جلسہ گاہ سمجھ بیٹھے ہیں ‘شہباز شریف کو وزیر اعظم کا ووٹ نہ دینے کی بات پہلے سے طے تھی اور یہ ن لیگ والوں کو پتہ تھا‘ ہم نے ان کوتنہا نہیں چھوڑا ہے ہم ساتھ ہیں کچھ مسائل ہیں جنہیں آہستہ آہستہ حل کرلیں گے‘ہم ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے اور ان ایشوز پر اپوزیشن کریں گے جو ملک وقوم کے لیے ہونگے۔ وہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار سکھر پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشیدشاہ نے کہا کہ عمران خان کی قومی اسمبلی میں پہلی تقریر بچگانہ تھی وہ پارلیمنٹ کو بھی جلسہ گاہ سمجھ بیٹھے ہیں تاہم اب ان کو پتہ چلے گا کہ پارلیمنٹ کیا ہوتی ہے اور جلسہ گاہ کیا ہوتا ہے ہم نے تو سمجھا تھا کہ وہ اپنی پہلی تقریر میں اپنے منشور، پارلیمنٹ اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کریں گے مگر انہوں نے تو پہلی ہی تقریر میں اپوزیشن کو تھریٹس اور چیلنجز دیدیے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ابھی سنجیدہ نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مثبت تنقید کریں گے‘ بلاجواز مخالفت نہیں کریں گے،کوشش کریں گے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ ملک میں صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے جو قوانین بنائے تھے انہیں سبوتاژ کیا گیا مگر اس کے باوجود دیگر قوانین بنانے کے لیے کوشش کریں گے تاکہ انتخابی عمل کو صاف و شفاف بنایا جاسکے۔
تازہ ترین