• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
, ,

لوڈویڈنگ کی ریلیز میں دو دِن باقی، لاہور میں شاندار پریمیئر


خوشیوں کے تہوار عید الاضحی پر عوام الناس کو تفریح فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی پاکستان کی سب سے بڑی فلم ’’لوڈویڈنگ‘‘ کا شاندار اور رنگا رنگ پریمیئر پاکستان کے دِل لاہور میں منعقد کیا گیا جس میں فلم کی کاسٹ سمیت میڈیا ، فیشن ، ادبی، سماجی اور فلمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

پُر وقار تقریب میں فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی، فہدمصطفی، مہوش حیات ، اداکارہ نور، نیئر اعجاز، اسد امانت علی، یوسف صلاح الدین سمیت کئی نامور شخصیات موجود تھیں۔

فلم بینوں نے فلم دیکھنے کے بعد فلم کی ڈائریکشن، اداکاروں کی پرفارمنس اور دِل چھو لینے والی کہانی کی دِل بھر کے تعریفیں کیں۔

لوگوں نے فلم ختم ہونے کے بعد فہدمصطفی اور مہوش کی اداکاری پر داد دیتے ہوئے پُر جوش نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر لوڈویڈنگ کی مرکزی اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ یہ میری پانچویں فلم ہے اور میں اپنی نئی فلم کیلئے بہت زیادہ پر جوش ہوں۔

دوسری طرف فلم کے ہیرو فہد مصطفی نے بتایا کہ مجھے عوام سے اب تک جو پذیرائی ملی ہے اُسے دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ فلم سوپر ڈوپر ثابت ہوگی۔ بڑی عید کی بڑی فلم کے ریلیز ہونے میں اب صرف دو دِن باقی ہیں۔

دِل چھو لینے والی کہانی کے ساتھ مزاح اور موسیقی کے تڑکے نے اس فلم میں مزید نکھار پیدا کردیا ہے ۔

لوگوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوڈویڈنگ ‘‘کے تمام گیت انتہائی شاندار ہیں جبکہ فلم کی ڈائریکشن، کہانی اور لوکیشن بھی بے مثال ہے۔

فہد اور مہوش کی جوڑی نے پھر سے ہم سب کے دِل جیت لئے ہیں۔ مہوش حیات کی خوبصورت ادائیں، فہد مصطفی کا بھولا پن، فائزہ حسن کا نخرہ، خوبصورت لوکیشن دیکھنے والوں کو بھا گیا ، فلم کا سپرہٹ میوزک اور پنجاب کے پس منظر میں رچی ہوئی کہانی وہ پہلو ہیں جن کی بدولت ’’لوڈویڈنگ‘‘ اپنے مقابلے میں ریلیز ہونے والی فلموں سے بالکل منفرد ہوگی۔

واضح رہے رنگیا، منڈے لاہور دے اور گُڈ لک کے بعد فلم کا سیڈسونگ ’’کُوچ نہ کریں‘‘ عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

دوسری جانب فلمی پنڈتوں نے بھی اب اس اُمید کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے کہ پاکستان کی یہ فلم بھی دُنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرے گی۔ لوڈ ویڈنگ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں جو پہلے بھی تفریح سے بھر پور دو بلاک بسٹر فلمیں پیش کر چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شائقین اب اُن کی نئی فلم کو دیکھنے کیلئے بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔

’’لوڈ ویڈنگ‘‘ فلم والا پکچرز اور ’’جیو فلمز‘‘ کے اشتراک سے بڑی عید پر ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین