• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت کے درمیان معنی خیز رابطوں کا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے

اسلام آباد(فاروق اقدس/نمائندہ جنگ) اسلام آباد میں موجود سفارتی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان معنی خیز رابطوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے اور نئی حکومت میں دو طرفہ رابطوں اور گفت و شنید کا یہ سلسلہ دونوں ملکوں کی قیادت کی متوقع ملاقاتوں میں ہونے والے امور پر تبادلہ خیال سے متعلق ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ شنگھائی کی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں پاکستان اور ہندوستان کی قیادتیں شریک ہوں گی مذکورہ ذرائع کاکہنا ہے کہ اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائےا عظم عمران خان اور نریندرمودی کے مابین ملاقاتوں کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی حکومت نے اسلام آباد میں متعین اپنے ہائی کمشنر اجے بساریہ کو اہم مشاورت کے لیے دہلی بلالیاہے اور وہ اتوار کو واہگہ کے راستے دہلی روانہ ہو گئے۔ مصدقہ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دہلی سے دونوں ملکوں کے مابین رابطوں اور تعلقات میں بہتری کے حوالے سے انتہائی مثبت اشارے ملے ہیں بالخصوص گزشتہ دنوں انجہانی اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے اسلام آباد سے جو وفد نئی دہلی گیا تھا بھارت کی جانب سے پاکستان سے جانے والے وفد کو ایک انتہائی مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے اس کو خوش آئند قرار دیا ۔ وفد سے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے بھی خصوصی طور پر ملاقات کی اور ان کی آمد پر تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ وفد میں شامل جب وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا وسارک اور ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل سے کرایا گیا تو بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج سے مسکرائے ہوئے ڈاکٹرفیصل سے ہاتھ ملاتے ہوئے مسکراکر پر جوش انداز میں خوبصورت ریمارکس کے ساتھ ان سے شناسائی کا اظہارکیا۔
تازہ ترین