• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے دوسرے دن بھی کراچی کے مختلف علاقوں کا خفیہ دورہ کیا اور ضلع ملیر کے تھانوں پر چھاپے مارے، اس دوران 2بے گناہ شہریوں کو رہائی دلائی اور باوردی درست اہلکاروں کو نقد انعامات دیے جبکہ بے قاعدگی میں ملوث اہلکارں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے صدر اور شارع فیصل پر پولیس کی چیکنگ کی خفیہ نگرانی کی۔

پرائیویٹ گاڑی اور سادہ کپڑوں میں عام شہریوں کی طرح کراچی پولیس چیف دورے کے دوران نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے، ملیر، قائد آباد، سکھن، بھینس کالونی اور شاہ لطیف ٹاؤن گئے جہاں پولیس کے گشت اور چیکنگ کی مانیٹرنگ کی۔

ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ ملیر کے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پہنچے تو وہاں سناٹا تھا، تھانے کے گیٹ پر صرف سنتری ڈیوٹی کر رہا تھا، تھانے کے ایئرکنڈیشن رپورٹنگ روم میں ڈیوٹی افسر سو رہا تھا، جسے ایڈیشنل آئی جی نے کئی منٹ کی تگ و دو کے بعد جگایا۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن گل بیگ پنجارو سو رہے تھے جبکہ ہیڈ محرر اور نائٹ ڈیوٹی محرر بھی غائب تھے۔

ایڈیشنل آئی جی نے حوالات میں موجود ملزمان سے پوچھ گچھ کی، لاک اپ میں قید بیشتر ملزمان امتناعِ منشیات کے تھے۔

گرفتار ملزمان نے علاقے میں منشیات فروشی کا انکشاف کیا تو ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے اظہار برہمی کیا، انہوں نے شاہ لطیف ٹاؤن کی آبادیوں میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا حکم دیا۔

ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ بھینس کالونی میں سکھن تھانے پہنچے تو صبح کی ڈیوٹی کیلئے تیار نفری سے انہوں نے خطاب بھی کیا اور چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کو شہریوں سے مناسب رویہ رکھنے کی ہدایت کی۔

سکھن تھانے کے لاک اپ میں قید دو بے گناہ ملزمان کو امیر شیخ نے چھڑا دیا، بغیر الزام شہریوں کو حوالات میں رکھنے پر تفتیشی انچارج کو معطل کر دیا۔

ایڈیشنل آئی جی نے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی پر ایس ایچ او سکھن شبیر بلوچ کی تعریف کی، انہوں نے سکھن تھانے کے باوردی درست پولیس اہلکاروں کو نقد انعامات دیئے۔

کراچی پولیس چیف نے تھانوں کے رجسٹرز میں علاقوں کی گمبھیر صورت حال پر نوٹ بھی لکھا۔

دورے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر کو تھانوں کی صورت حال پر خط لکھ دیئے ہیں۔

امیرشیخ کی جانب سے ملیر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین