• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں پاکستانی اسپورٹس اسٹارزکے اعزاز میں پروقار تقریب

جاپان کے معروف شہر ناگویا میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اسپورٹس اسٹارز شاہد آفریدی ،، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور سابق کپتان یونس خان کے اعزاز میں ’ٹری بیوٹ ٹو لیجنڈ‘ نامی تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے فند ریزنگ ڈنر بھی کیا گیا جس میں ان کی تنظیم کی جانب سے کوہاٹ اور تھر میں قائم کیے جانے والے اسپتالوں کے لیے جدید ایکسرے مشین الٹرا ساؤنڈ مشین ای سی جی مشینوں کے علاوہ بھی قیمتی سامان کا عطیہ کیا گیا جبکہ ان کے اسپتال کے لیے ایمبولینس بھی عطیہ کی گئی۔

تقریب کا اہتمام پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی جانب سے ناگویا کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا گیا تھا جس میں انتہائی مختصر مہمانوں کو دعوت دی گئی تھی تاہم دو سو افراد کی گنجائش والے ہال میں سوا دو سو افراد موجود تھے جن کی شاندار تواضع کی گئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے نہیں آئے ہیں بلکہ احساس دلانے آئے ہیں کہ جاپان جیسے ملک میں اتنی شاندار زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اپنے غریب بھائیوں کو بھی یاد رکھیں، ان کے علاج معالجے اور ان کی تعلیم کے لیے ہماری تنظیم کی مدد کریں ۔آپ کا دیا ہوا ایک ین بھی کسی کی بھلائی کے کام آسکتا ہے۔

شاہد آفریدی نے جہانگیر خان کو اپنی تنظیم کا صدر بنانے کا اعلان بھی کیا اور انھیں ٹی شرٹ بھی پیش کی جبکہ شاہد آفریدی نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ناگویا میں اتنی شاندار تقریب کا اہتمام کیا ۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے شاہد آفریدی ، جہانگیر خان ، یونس خان ، رحیم شاہ ، یحیٰ حسینی عرفان صدیقی اور رانا عابد حسین کو شیلڈ پیش کیں ۔

تقریب کے اختتام پر رانا عابد حسین نے کہا کہ وہ شاہد آفریدی کی غریب ہم وطنوں کے لیے کی جانے والی کاوش میں ان کے ساتھ ہیں اور آج کی تقریب صرف ایک آغاز ہے ،انشا اللہ یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا اور یہ ہم صرف آپ کے لیے نہیں بلکہ اپنی آخرت کے لیے کررہے ہیں۔

آخر میں معروف صحافی عرفان صدیقی کی تیسری کتاب پاکستان سے جاپان تک کی رونمائی بھی کی گئی اور مصنف نے اپنی کتاب تمام مہمانوں کو بھی پیش کی ۔

تازہ ترین