• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن نے کوچ کی نیندیں اڑادیں

سڈنی ( جنگ نیوز ) بال ٹیمپرنگ اسکینڈل نے آسٹریلین کرکٹ کی بنیادوں کو ہلادیا ہے۔ پلیئرز کی سلیکشن نے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کی نیند اڑا کر رکھ دی ہے۔ انہیں سابق لیگ اسپنر شین وارن کے اس بیان نے مزید پریشان کردیا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ معیار کے چھ بیٹسمین موجود نہیں ہیں۔ معزول کپتان اسٹیون اسمتھ، ان کے نائب ڈیوڈ وارنر اور نوجوان اوپنر کیمرون بینکرافٹ پر عائد پابندیوں نے معاملات کافی مشکل بنادیے ہیں۔ ٹیم کی کارکردگی پہلے جیسی نہیں رہی ہے۔ اسے ہرانا نسبتاً آسان ہوچکا ہے۔ آسٹریلیا کو اگلی سیریز امارات میں پاکستان کے خلاف کھیلنی ہے۔ بیٹنگ مسائل سے دوچار ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کی تلاش دشوار ہے، لینگر کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے۔ ان کی نظریں اے ٹیم کی دورئہ بھارت پر لگی ہوئی ہیں، سیریز کیلئے عثمان خواجہ، میتھیو رینشا، پیٹر ہینڈز کامب، ٹریوس ہیڈ جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو منتخب کیا گیا ہے اس کا مطلب بھارت میں اسپن وکٹوں پر بیٹنگ کی اہلیت منوانا اور پاکستان سے مقابلے کیلئے ٹیم سلیکشن کی دوڑ میں شامل ہونا ہے۔ لینگر کہتے ہیں کہ اب ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی آٹو میٹک چوائس نہیں۔ یہ بات آسٹریلین کرکٹ کیلئے غیرمعمولی ہے۔ انہوں نے دلچسپ انکشاف کیا کہ جب مجھے ہیڈ کوچ بنایا گیا تو میں بہت پرجوش تھا، لیکن اب چین سکون کھوچکا ہوں، کوشش کر رہا ہوں کہ معاملات قابو میں آجائیں اور میں دوبارہ سکون کی نیند لے پائوں۔
تازہ ترین