• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کو پی ایف ایف چیف کی مبارکباد،10کروڑفنڈز کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے زیر سایہ پاکستان میں کھیلوں کی بہتری کیلئے بھی انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پی ایف ایف سیکرٹریٹ لاہورمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کی جانب سے کھیلوں کے میدانوں اور عمارتوں کو قبضہ گروپوں سے نجات دلانے کے عزم کوقابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے انفراسڑکچر بنانا نہایت ضروری ہے۔ سیاسی مداخلت کی وجہ سے طویل عرصہ تک فٹبال کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، اب پاکستان فٹبال درست سمت میں گامزن ہے، کھلاڑیوں کے یومیہ الائونس میں مزید اضافے سمیت ان کا معاشی تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے،کھیل میں بہتری کے منصوبے جاری رکھنے اور انہیں مزید موثر بنانے کیلئے حکومت سے 10کروڑ روپے فنڈز کامطالبہ کرتے ہیں۔ سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ قومی ٹیم کو ایشیا کپ میں عالمی رینکنگ میں نمبر 161 نیپال کے خلاف کامیابی ایک نیک شگون ہے،اس کیلئےکھلاڑی، کوچز، ٹیکنیکل ڈائریکٹرمبارکباد کے مستحق ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہپاکستان پریمئر لیگ کا معیار بہتر بنانے کیلئے ہر اسکواڈ میں2 یا 3 غیرملکی فٹبالرز کو شامل کرنے کا پلان بنارہے ہیں۔ آئندہ سال پروفیشنل لیگ متعارف کروانے کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے۔ ویمنز فٹبال کے فروغ کیلئے جاپان سے کوچ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بات چیت چل رہی ہے۔
تازہ ترین