• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجم سیٹھی کے قریب تصور کی جانیوالی ڈائریکٹر نائیلہ بھٹی مستعفی،احسان مانی کے قریبی سبحان احمد کام کرتے رہیں گے

کراچی(عبدالماجد بھٹی)نجم سیٹھی کے سب سے قریب تصور کی جانیوالی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور پاکستان سپر لیگ کی پراجیکٹ ہیڈ نائیلہ بھٹی نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد احسان مانی کے قریب ہیں اور بدستور کام کرتے رہیں گے۔پیر کی شب احسان مانی نے فون کرکے نجم سیٹھی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،احسان مانی اور نجم سیٹھی اچھے دوست ہیں،نجم سیٹھی اب صحافت میں فل ٹائم آئیں گے،احسان مانی کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل کے نئے کمرشل رائٹس پر بھی کام کرنا ہوگا۔ذمے دار ذرائع کے مطابق نائیلہ بھٹی نے 2دن قبل اپنی ذمے داریوں سے علیحدہ ہونے کا استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ نجم سیٹھی نے اتوار کی شب اپنے رفقاء کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔ نائیلہ بھٹی گزشتہ 4سال کے دوران بورڈ میں سب سے با اثر افسر تصور کی جاتی تھیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نجم سیٹھی کو ورلڈ کپ تک پی سی بی میں مشروط طور پر کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ نائیلہ بھٹی اور عثمان واہلہ کے بغیر کام کریں لیکن انہوں نے مشروط طور پر کام کرنے سے انکار کردیا۔نجم سیٹھی کے قریب سمجھے جانے والےڈائر یکٹر میڈیا امجد بھٹی اور سنیئر جنرل منیجر عثمان واہلہ کو گھر جانا پڑے گاجبکہ ذاکر خان کی ڈائر یکٹر کی حیثیت سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں واپسی یقینی ہے۔ذاکر خان دو سال سے او ایس ڈی تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ،بورڈ آف گورنرزکے رکن اعجاز عارف نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔نجم سیٹھی کے استعفی کے چند گھنٹے بعد اعجاز عارف نے بھی بورڈ کو خیر باد کہہ دیا۔اس طرح اب پی سی بی کے سر پر ست اعلی کی حیثیت سے عمران خان کو احسان مانی کے ساتھ ساتھ ایک اور نامزدگی کرنا ہوگی۔اس وقت پی سی بی گورنرز بورڈ میں یوبی ایل کے منصور مسعود خان اور سیالکوٹ ریجن کی نشست بھی خالی ہےجبکہ سوئی سدرن گیس کو مفتاح اسماعیل کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے استعفی کے بعد بورڈ میں مزید لوگ اپنے عہدوں کو چھوڑ دیں گے۔میڈیا، اور انٹر نیشنل کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے علاوہ کئی اور لوگ اپنے عہدوں سے استعفی دینے کی تیاری کررہے ہیں۔

تازہ ترین