• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے ایمانی پر سخت عذاب ہوگا، سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالا جائے، خطبہ حج

میدان عرفات(خبرایجنسی)مسجد نبوی کے امام مفتی اعظم ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے ایمانی پر سخت عذاب ہوگا، اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پر ہے جب کہ سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اور اطاعت کا حکم دیا گیا ، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے،فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے، معاشرے کے امن کیلئے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، اللہ غرور اور تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا، اسلام ہمیں برائی اور فحاشی سے منع کرتا ہے، آنے والی نسل کو اچھے اخلاق کی تعلیم دیں، ہماری کامیابی قرآن و سنت پر عمل کرنے میں ہے ،نماز کی پابندی، زکوۃ کی ادائیگی ، والدین، رشتے داروں اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کریں۔ مسجد نبوی کے اما م مفتی اعظم ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز الشیخ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اور اطاعت کا حکم دیا گیا ، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے اور ہر طرح کی برائی کو روکے، حکمرانی ایسی ہو جس میں اللہ اور اس کے رسول ؐکے احکامات کی پیروی کی جائے، شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے، اللہ کا حکم ہے فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے امن کیلئے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، اللہ غرور اور تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا، اسلام ہمیں برائی اور فحاشی سے منع کرتا ہے، آنے والی نسل کو اچھے اخلاق کی تعلیم دیں، ہماری کامیابی قرآن و سنت پر عمل کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اللہ سے ڈرتے ہیں دراصل وہی کامیاب ہیں، شرک سے دور رہنا چاہیے، تقوی اختیار کرنا چاہیے۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ صرف میری عبادت کرو، میری یاد کے لیے نماز قائم کرو،اللہ پاک نے خیرات کا حکم دیا ،تمام انبیائے کرام علیہ السلام نے اللہ تعالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی خود فرماتے ہیں کہ انہوں نے کسی کو ہدایت بخشی، کسی کو سیدھے راستے سے بھٹکا دیا، عبادت کے لائق صرف اللہ تعالی ہی ہیں، ان ہی سے ڈرو، ان کی ہی عبادت کرو، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے، اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش خبری دینے والا بناکر بھیجا۔خطیب حج نے کہا کہ ایمان والوں اور نیک اعمال کرنے والوں کو جنت کی خوش خبری دی گئی، نماز وہ رکن ہے جو اسلام پر دلیل ہے، بے حیائی سے روکتا ہے، فجر کے وقت تلاوت قرآن کریم افضل ہے، نماز کی پابندی، زکوۃ کی ادائیگی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حکم دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے صاحب استطاعت افراد پر حج فرض کیا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہترین اخلاق کا بیان فرمایا ہے،آج ہمیں معمولاتِ زندگی گزارنے کے لیے بہتر اخلاق کی ضرورت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ حج میں فرمایا کہ تمہارا مال، عزت اور خون ایک دوسرے پر حرام ہیں۔ ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سب سے اچھے وہ ہیں جو اخلاق میں اچھے ہیں، اسلام خیر، احسان، خرچ اور سخاوت پر ابھارتا ہے، امت مسلمہ قرآن پاک پر جمع ہے، ایک ہی قبلہ رخ کرتی ہے، اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ میرے بندوں سے کہہ دیجیے کہ بہت ہی اچھی بات منہ سے نکالو، اے ایمان والوں، عہد و پیمان پورے کرو، وعدے وفا کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے والدین، رشتے داروں اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا ہے،اللہ پاک تکبر کرنے والوں اور شیخی خوروں کو پسند نہیں فرماتے، والدین کیساتھ حسن سلوک اور نرمی سے بات کرنے کی ہدایت کی گئی،اللہ پاک نے بیوی سے بھلائی کرنے، انصاف کرنے کا حکم دیا ہے۔خطبہ حج میں خطیبِ حج نے فرمایا کہ اللہ تعالی کی جانب سے ناپ تول پوری کرنے، امانت کی حفاظت ، عدل و انصاف سے فیصلے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،اللہ پاک نے اہل ایثار ، خیر کی راہ میں خرچ کرنے والوں کو پسند فرمایا ہے، اخلاق فاضلہ کے سلسلے میں اللہ پاک نے قرآن پاک میں کئی احکامات دیے۔

تازہ ترین