• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے تین بڑی فلموں کی نمائش!

پاکستانی فلموں کا سنہری دور پھر سے لوٹ آیا ہے۔ فلم انڈسٹری سے جڑے ہر فرد کے لیے خوشی کی بات ہے کہ آج کل ہر طرف پاکستانی فلموں کے چرچے ہیں۔ فلم سازوں نے اپنے کام کی رفتار تیز کردی ہے،خوش آئند بات یہ ہے کہ عیدالفطر سے عیدالاضحی تک دس فلمیں سینما اسکرین تک پہنچ سکیں۔ صرف دو ماہ میں دس فلموں کی نمائش اس بات کا مظہر ہے کہ فلم انڈسٹری کا کام یابی کا سفر شروع ہوچکا ہے، البتہ فلمیں باکس آفس پر چند ایک ہی رنگ جما رہی ہیں۔ عیدالفطر سے عیدالاضحی تک جو فلمیں سینما گھروں کی زینت بن سکیں۔ ان میں ’’سات دِن محبت اِن‘‘ نہ بینڈ نہ باراتی، وجود، آزادی، جیٹ پاٹ، شورشرابا، طیفا اِن ٹربل، لوڈ ویڈنگ، جوانی پھر نہیں آنی 2 اور پرواز ہے جنون شامل ہیں۔ 10 میں سے 7 کا رزلٹ آچکا ہے اور تین کا کل سے امتحان شروع ہوجائے گا۔ سب سے زیادہ داد و تحسین کے مستحق نئی نسل کے پسندیدہ فن کار علی ظفر ہیں، جنہوں نے کسی بڑے تہوار کے بغیر اپنی فلم ریلیز کرکے رِسک لیا تھا اور انہیں اس امتحان میں زبردست کا یابی حاصل ہوئی۔ کئی برسوں سے عیدین کے بغیر جو بھی فلمیں ریلیز کی گئیں، ان کا نتیجہ اچھا نہیں رہا۔ علی ظفر نے ’‘طیفا اِن ٹربل‘‘ کی ریلیز کے حوالے سے کئی رِسک لیے۔ انہوں نے عام انتخابات سے صرف چار روز قبل فلم ریلیز کرکے سب کو حیران کردیا۔ ان کو اپنی پروڈکٹ کی کام یابی پر بھروسا تھا اور فلم آج بھی سپرہٹ جاری ہے، بلکہ اس نےکئی ریکارڈ توڑ دیئے۔ 

عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے تین بڑی فلموں کی نمائش!
کبریٰ خان

عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کے مقابلے میں عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیے۔ نامعلوم افراد، ایکٹر اِن لاء، نامعلوم افراد ٹو، جوانی پھر نہیں آنی، جانان وغیرہ نے عیدالاضحی پر ریلیز ہوکر شان دار بزنس کیا۔ 2018ء کی بڑی عید پر بھی تین بڑی فلمیں سینما گھروں میں رنگ جمانے اور رونقیں بڑھانے آرہی ہیں۔ ان فلموں میں رومانس بھی ہے اور قہقہوں کا طوفان بھی نظر آئے گا۔ روٹھنے منانے کی کیفیات بھی دیکھنے کو ملیں گی اور ایکشن، رقص، جنگی جہازوں کی لڑائی، شادی کے مسائل، سب کچھ فلمایا گیا ہے۔ سب سے پہلے فلم والا پکچرز اور جیو فلمز کی شان دار پیش کش ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ پر بات کریں گے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں، جب کہ پروڈیوسر فضا علی اور مہدی علی ہیں۔ 

عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے تین بڑی فلموں کی نمائش!
ہانیہ عامر

نبیل قریشی کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ چوتھی فلم ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کام یاب فلموں کی ہیٹ ٹرک مکمل کی ہوئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ قسمت کی دیوی اس مرتبہ بھی ان پر مہربان ہوتی ہے کہ نہیں، کیوں کہ نبیل قریشی نے ابھی تک ناکامی کا منہ نہیں دیکھا۔ انہوں نے تین چار برس میں فلم انڈسٹری میں تاریخ رقم کی ہے۔ ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کی کاسٹ میں نئی نسل کے پسندیدہ فن کار فہد مصطفی، مہوش حیات، ثمینہ احمد، فضا حسن، نورالحسن، قیصر پیا، انجم حبیب، غزالہ بٹ وغیرہ شامل ہیں۔ فلم کے گانے اور موسیقی بہت شان دار ہے اور یہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ فہد مصطفٰی اور مہوش حیات زندگی کے منفرد کردار میں جلوہ افروز ہوں گے۔ مہوش حیات پنجاب کی الھڑ مٹیار بنی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ میں ’مولا جٹ‘ والی الھڑ مٹیار تو نہیں بن سکی، البتہ آج کے دور کی الھڑ مٹیار کے روپ میں سامنے آئوں گی۔ میں نے اس سلسلے میں سخت محنت کی ہے۔ دوسری جانب فہد مصطفٰی نے بھی اپنے کردار میں حقیقت رنگ بھرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ مہوش حیات اور فہد مصطفٰی کی جوڑی پہلے بھی سپرہٹ ثابت ہوچکی ہے۔ انہیں ’’ایکٹر ان لاء‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔ فلم بینوں کو اس بار بھی اس خُوب صورت جوڑی کی کام یابی کی توقعات ہیں۔ فہد مصطفٰی، وہ خوش نصیب اداکار ہیں، جن کی اس بڑی عید پر دو فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی، ایسا کئی برس بعد ہونے جارہا ہے کہ ایک ہیرو کی ایک ہی روز دو فلمیں ریلیز ہوئی ہوں۔ ’لوڈ ویڈنگ‘ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا کا کہنا ہے کہ فلم میں پنجاب کے حقیقی کلچر کے رنگوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ہم نے کچھ نیا کرنے کی کوشش کی ہے۔ فلم دیکھتے ہوئے پنجاب کی مٹی کی بھینی بھینی خوشبو محسوس کی جائے گی۔

عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے تین بڑی فلموں کی نمائش!
ماورا حسین

دوسری جانب ڈائریکٹر حسیب حسن اور مومنہ درید کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ بھی ریلیز کی جارہی ہے۔ اس کی کاسٹ میں آصف رضا میر کے صاحب زادے اَحد رضا میر پہلی بار کسی فلم میں متعارف ہورہے ہیں۔ اَحد رضا میر نے پاکستانی ڈراموں میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد فلموں کا رخ کیا ہے۔ فلم کے دیگر فن کاروں میں کبریٰ خان، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، مرینہ خان، شمعون عباسی اور فرحان علی آغا وغیرہ شامل ہیں۔ کبریٰ خان کی بھی ایک نہیں دو فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہورہی ہیں، البتہ ان کو جوانی پھر نہیں آنی 2سے زیادہ توقعات ہیں۔ پاکستانی فلموں کے کام یاب سفر میں یہ بھی بات سامنے آئی ہے کہ فلموں کے سیکوئل بننے لگے ہیں اور انہیں باکس آفس پر پسند بھی کیا گیا۔ نامعلوم افراد کا سیکوئل زبردست کام یاب رہا اور اب جوانی پھر نہیں آنی کا سیکوئل بنایا گیا ہے۔ ہمایوں سعید کی اس فلم میں بھی فہد مصطفٰی، واسع چوہدری، ماورا حسن، ثروت گیلانی، احمد علی بٹ وغیرہ کام کررہے ہیں۔ مہوش حیات کی جگہ ماورا حسن کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ تینوں فلموں میں سب سے زیادہ بزنس کون سی فلم کرے گی، اس کا فیصلہ آئندہ ایک ہفتے میں ہوجائے گا، البتہ فلموں کا پروموشن زبردست انداز میں کیا گیا۔ ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کے مرکزی کاسٹ پاکستان کے مختلف شہروں میں گئی اور خُوب ناچ گانا بھی کیا۔ تینوں فلموں کے پریمئرز بھی بہت عمدہ ہوئے، جن میں مایہ ناز فن کاروں نے شرکت کرکے میلہ لگادیا۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے نئے جنم میں فن کاروں نے نِت نئے انداز اپنا کر فلم بینوں کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔ کبھی وہ شاپنگ سینٹروں اور یونی ورسٹیوں میں بھی فلموں کا پروموشن کرتے ہیں تو کبھی سنیما گھروں کے باکس آفس میں ٹکٹیں فروخت کرنے لگتے ہیں۔ فلموں کے ان فن کاروں کی ذاتی دل چسپی نے شائقین فلم کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ سب مل کر کام کریں گے تو انڈسٹری آگے جائے گی۔ 

عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں کا علی ظفر کی سپرہٹ فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ سے بھی مقابلہ ہوگا، جو پہلے ہی سے باکس آفس پر رنگ جمائے ہوئے ہے۔ کراچی میں نئے سینما گھر بھی کُھلے ہیں۔ ان کی وجہ سے فلموں کو فائدہ ہوگا۔ مستقبل کا سپر ہیرو اور ہیروئن کون ہوگی؟ اس کا فیصلہ فلم شائقین کریں گے۔ فلم کی کام یابی کی ریلیز سے قبل کوئی بھی ضمانت نہیں دے سکتا۔ البتہ یہ بات سامنے ضرور آئی ہے، فلم اچھی ہوگی تو سب اسے پسند کریں گے، جس طرح پاکستان میں راج کمار ہیرانی کی فلم ’’ سنجو‘‘ نے پاکستانی سنیما گھروں میں ریکارڈ بزنس کیا، وہ سب کے سامنے ہے۔پاکستانی سنیما تعداد میں کم ہونے کے باجود فلمیں غیر معمولی بزنس کررہی ہیں۔فلم اچھی ہوگی تو سنیما مالکان سے بھی پروڈیوسرز کو شکایت نہیں ہوگی کہ ہمیں شوز نہیں دیے گیے۔ امید ہے کہ بڑی عید کی تینوں فلمیں کام یابی سے ہم کنار ہوں گی اور شائقین فلم کی خوشیاں دوبالا ہوجائیں گی۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین