• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف عباسی کی انجیو پلاسٹی، کیپٹن صفدر بھی انتہائی نگہداشت وارڈ میں

ایفیڈرین کیس میں سزا پانے والے اڈیالہ جیل میں قید حنیف عباسی کے بعد اسی جیل میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کاٹنے والے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔

حنیف عباسی کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی اڈیالہ جیل سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے، حنیف عباسی کی انجیو پلاسٹی کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی (انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی) آر آئی سی منتقل کیا گیا ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دل اور بائیں بازو میں شدید تکلیف رہی ہے۔

اسپتال میں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ روز اسپتال منتقل کیے جانے والے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی انجیو پلاسٹی بھی مکمل کرلی گئی ہے، انہیں گھٹن اور سانس رکنے کی تکلیف تھی۔

ترجمان راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی عمر قریشی کے مطابق حنیف عباسی کو کچھ عرصہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین