• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے نئے پاکستان کیلئے واضح روڈ میپ پیش کیا، زاہد حسین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں قوم کو امید دی اور نئے پاکستان کے لئے ایک واضح روڈ میپ قوم کو پیش کیا۔ ہیومن ڈولپمنٹ، تعلیم، صحت، ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی، کاروباری لاگت میں کمی، ٹورازم کی ترقی ، برآمدات میں اضافہ، بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پرائم منسٹر سیکریٹیریٹ میں ون ونڈو آپریشن، ایف بی آر اور دیگر اداروں کی تنظیم نو، پروگریسیو ٹیکسیشن کا نظام، غریب اور نچلے طبقے کی ترقی، کرپشن کا خاتمہ، عدالتوں اور عدلیہ کی بہتری، اسٹریٹ چلڈرن ، کراچی کی ترقی، صفائی ، ٹرانسپورٹ اوردیگر بہت سارے وعدے، وزیر اعظم نے قوم کی توقعات کے مطابق ہر شعبہ کا ذکر کیا اور ان شعبوں میں درکار اصلاحات اور ضروری اقدامات پر قوم کو اعتماد میں لیا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ان تمام اعلانات کا خیر مقدم کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو ترقی کے اس عمل میں ساتھ لیکر چلے گی اور ان وعدوں کا پاس کرتے ہوئے نئے پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشے گی۔ بلوچستان اور فاٹا کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے، ان علاقوں میں مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے، جسکا فوری آغاز ہونا چاہئے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات جبکہ بیرونی قرضہ جات 95ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر 16ارب ڈالر کی خطرناک حد تک کم ہوگئے ہیںاور تجارتی خسارہ 38ارب ڈالر پر ہے، ملک کو ڈالروں کی اشد ضرورت ہے، کوئی واضح حل نہیں ہے۔ بیرون ملک پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی اپیل پرقانونی چینلز سے اپنا پیسہ وطن بھیجیں، تاکہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کا تدارک ہوسکے۔ آئی ایم ایف کے تیرہویں پروگرام کے لئے جانا ان معاشی حالات سے نکلنے کا مشکل ترین راستہ ہے، جس سے ملکی سالمیت سمیت تمام شعبہ جات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین