• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ”لوڈویڈنگ “ کا شاندار پریمیئر، فلم آج لوڈ ہوگی

انتظار کی گھڑیاں ختم!! ۔ عید الاضحی کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے بنائی گئی پاکستان کی سب سے بڑی فلم ”لوڈویڈنگ“ بدھ کو فلم والا پکچرز اور ”جیوفلمز“ کے اشتراک سے ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ گذشتہ روز روشنیوں کے شہر کراچی کے ایک مقامی سنیما گھر میں ”لوڈویڈنگ“ کا شاندار اور رنگا رنگ پریمیئر منعقد کیا گیا جس میں فلم کی کاسٹ، میڈیا اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سماجی ، ادبی اور فلمی شخصیات نے بھی شریک ہوکر اس بڑے ایونٹ کوچار چاند لگادیئے۔ تقریب میں رنگ و نور کا سیلاب تھا ۔ فلم کی پروڈیوسر فضا علی میرزا، ہدایتکار نبیل قریشی، لوڈویڈنگ کے ہیرو فہد مصطفی ، ہیروئن مہوش حیات ، اداکارہ فائزہ حسن اور شہر کی نامور شخصیات اور دیگر شریک ہوئے۔ شادی بیاہ، ڈھول ڈھمکے، سنجیدگی، جذبات، لو، رومانس ، کامیڈی اور جہیز جیسے حساس موضوع پر تفریح سے بھر پور فلم کو دیکھنے والوں کے چہرے پر مسکراہٹیں تھیں۔ لوگوں نے گیت ،اداکاری، ہدایتکاری اور کہانی کی بھی کھل کر تعریفیں کیں۔ اس سے قبل ہال میں تالیوں کی گونج، سیٹیوں کا شور اور اداکاروں کی بہترین پرفارمنس پر وقفے وقفے سے داد دینے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ رنگا رنگ تقریب میں ہر شخص فلم کے گن گارہا تھا۔ رنگیا، منڈے لاہور دے، کوچ نہ کریں، گڈ لک جیسے محبت بھرے گیت کانوں میں رس گھولتے محسوس ہوئے۔ فلم بینوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں پاکستانی ثقافت اور پنجاب کے کلچر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ اس فلم کے ذریعے دُنیا بھر میں ہمارا بہتر امیج اُجاگر ہوگا۔ جیوفلمز ایک بار پھر عوام الناس کو عید کا شاندار تحفہ دینے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ لوڈویڈنگ میں تمام مصالحہ موجود ہے۔ یہ فلم خواتین مردوں اور بچوں کو بھی اپنی طرف کھینچ لے گی ۔ پاکستان ایک بار پھر دُنیا کو معیاری اور تفریح سے بھر پور فلم دینے میں کامیاب ہوگیا۔ ہماری یہ فلم عالمی معیار کی ہے۔ کچھ خواتین کا کہنا تھا کہ مہوش کا رومانس اور فہد کی معصومیت نے فلم کے اندر مزید کشش پیدا کردی ہے۔ مہوش حیات کی خوبصورت ادائیں، فہد مصطفی کا بھولا پن، فائزہ حسن کا نخرہ اور خوبصورت لوکیشن نے فلم دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔ سپرہٹ میوزک اور پنجاب کے پس منظر میں رچی ہوئی اہم موضوع کی کہانی اس فلم کے مقابلے میں ریلیز ہونے والی تمام فلموں سے بالکل منفرد ہے۔

تازہ ترین