• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کو متحرک رکھنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان کراچی پولیس چیف کے مطابق اپنے دورے کے دوران امیر شیخ نے موچکو تھانے سے غیر حاضر 8 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیاہے۔


پولیس چیف نے ضلع غربی اور سٹی تھانوں کا اچانک دورہ کیا، تھانہ موچکو کے مورچے میں تعینات پولیس اہلکار کے سو جانے پر ایڈیشنل  آئی جی نے برہمی کا اظہارکیا جبکہ ریکارڈ مرتب رکھنے  پر ہیڈ محرر تھانہ موچکو رانا اجمل کو انعام دیا ۔

سی سی پی او کراچی نے نادرن بائی پاس اور موچکو چیک پوسٹ پر پولیس کی چیکنگ بھی دیکھی، موچکو چیک پوسٹ پر تعینات پولیس ملازمین کو ذاتی حیثیت میں ناشتہ کرایااور ساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس کی جانب سے شہریوں کو روکنے کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے اپنے دورے میں اہلکاروں کے مسائل سنے، پولیس ملازمین کو نقد انعامات دیے، وہ سعید آبادتھانے پہنچے تو اہلکار ڈیوٹیوں پر روانگی کے لیے تیار ہو رہے تھےوہاں انہوں نے اہلکاروں کی وردیوں کا معائنہ کیا اور انہیں چیکنگ سے متعلق ہدایات دیں جبکہ ایک پولیس افسر کی شکایت سنی اور اسے ممکنہ مدد کے لیے دفترطلب کرلیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان پولیس اہلکار کے بھائی کی شادی پر 10 دن کی چھٹی کی منظوری دی تاہم تھانہ سعیدآباد کے جوشیلے اور متحرک پولیس اہلکاروں نے ایڈیشنل آئی جی کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کے ریکارڈ اور دفتری امور میں عدم دلچسپی پر ایس ایچ او عرض محمد اور ہیڈ محرر کو شوکاز نوٹس جاری کیاجبکہ سعید آباد تھانے کے عقبی حصے میں صفائی نہ ہونے اور باتھ روم گندے ہونے پر ایڈیشنل آئی جی نےبرہمی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اچھی وردی پہننےپر سعید آباد تھانہ کے درجن سے زائد اہلکاروں کو نقد انعام بھی دیا۔

تازہ ترین