• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں مقیم پاکستانیوں کو محنت کرکے آگے آنا ہوگا، ہائی شیرف مانچسٹر

برطانیہ میں گریٹر مانچسٹر کی پاکستانی نژاد ہائی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ نے کہاہے کہ یورپ میں رہنے والے پاکستانی نژاد نوجوانوں کے لیے مشکلات کے ساتھ مواقع بھی بہت ہیں اور وہ اپنی محنت اور ایمانداری کے ذریعے آگے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ’جنگ‘ کے نمائندے سے خصوصی گفتگو میں کیا۔


وہ ناروے میں پاکستانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نارویجن باشندوں کی اہم سماجی و ثقافتی تنظیم ’پاکستان یونین ناروے‘ کی خصوصی دعوت پر جمعہ کے روز اوسلو پہنچی ہیں۔ ان کے ہمراہ ان کے شوہر ڈاکٹر طارق شاہ بھی ہیں۔ انہیں پاکستان کی تحریک آزادی کی تاریخ اور جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب پچیس اگست کو ناروے کے شہر لورنسکگ میں منعقد ہوگی جہاں ڈاکٹر روبینہ کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات پرخصوصی ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

ناروے کی وزیر ثقافت اور وینسترے پارٹی کی رہنما ترینے شی گراندے اور برطانیہ سے کوئین کونسل برسٹر صبغت اللہ قادری کو بھی تقریب میں بطور مہمان خاص مدعو کیا گیا ہے۔

ناروے پہنچنے کے بعد ڈاکٹر روبینہ شاہ نے بتایاکہ وہ پہلی پاکستانی نژاد خاتون ہیں، جنہیں ملکہ برطانیہ الزابتھ نے گریٹر مانچسٹر کا ہائی شیرف بنایا ہے اور یہ عہدہ ملنا ان کے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ڈاکٹر روبینہ مانچسٹر یونیورسٹی میں سینئر لیکچرار اور چارٹرڈ کنسلٹنٹ اسکالوجیسٹ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی محنت سے اپنا اور اپنی قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ ہم جہاں پر بھی رہیں، ایمانداری اور لگن سے کام کریں۔ مشکلات ہمیشہ ہوتی ہیں لیکن ان مشکلات پر قابو پانا اور انہیں حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیت ہے لیکن اعلیٰ مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اس صلاحیت کو آزمانا ہوگا۔ اپنی صلاحیتوں پر یقین ہونا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے مزید کہاکہ کچھ لوگ غلط کام کرتے ہیں جن کی وجہ پوری کمیونٹی بدنام ہوتی ہے لیکن غلط لوگوں کی اصلاح ہوسکتی ہے اور انہیں معاشرے کا کارمد شہری بنایا جاسکتاہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر روبینہ شاہ نے کہاکہ ہمیں اپنی اقدار کا تحفظ کرنا چاہیے۔ اپنی مثبت شناخت کو متعارف کروانا چاہیے تاکہ سوسائٹی میں ہمارے مفادات کا تحفظ ہوسکے اور ہماری اچھی پہچان بن سکے۔

پاکستان یونین ناروے کی ہفتےکوتقریب کے دوران دو خواتین صحافی چیف ایڈیٹر دھنک لندن سیدہ کوثر منور شرقپوری اور چیف ایڈیٹر اوورسیز کمیونٹی پوسٹ ناروے رقیہ کوثر کو میڈیا کے شعبے میں اہم کردار ادا کرنے پر ایوارڈز دیئے جائیں گے۔

تقریب میں متعدد نارویجن، پاکستانی اور دیگر یورپی ممالک سے اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتامی مرحلے میں ملی نغمے، صوفیانہ کلام اور لوک گیت بھی پیش کئے جائیں گے جس کے لیے پاکستان کی نامور گلوکارہ شازیہ منظور، سرائیکی اور پٹھواری فنکار طاہرمحمود نیئر اور ان کے کوآرڈی نیٹر ممتاز ثقافتی شخصیت عباس فلکی اور تکنیکی معاون امور سہیل عباس بھی جمعہ کے روز ناروے پہنچ چکے ہیں۔

تازہ ترین