• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خان ریسرچ لیبارٹریز میں اسپورٹس ہیڈ کی خدمات انجام دینے والے محمد ایاز بٹ پی سی بی گورننگ بورڈ کے ممکنہ ممبر ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو بی ایل سے پی سی بی کے ممبر کی خالی ہونے والی جگہ کو پر کرنے کیلئے کے آر ایل سے ممبر کیلئے نامزدگی مانگی تھی جس کیلئے کے آر ایل نے ایاز بٹ کے نام کی منظوری دیتے ہوئے پی سی بی کو جواب خط بھیج دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دو روز میں پی سی بی کے ممبر کی حیثیت سے ایاز بٹ کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ محمد ایاز بٹ 1981-82میں پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل فٹ بال کھیل چکے ہیں۔ وہ یونیورسٹی کی سطح سے پاکستانی فٹ بال ٹیم کا حصہ بنے۔ 2008ء میں خان ریسرچ لیبارٹریز کا حصہ بنے اور کرکٹ اور فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کی سرکردگی میں کے آر ایل نے ریکارڈ چار بار ملک کی سب سے بڑی پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

پانچ بار نیشنل چیلنج کپ جیتا اور 2013 ء میں ملائشیا میں ہونے والے اے ایف سی پریزیڈنٹ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرکے پاکستان کی تاریخ میں پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ کے آر ایل کرکٹ ٹیم کو بھی ایاز بٹ نے شاندار انداز میں چلایا اور پاکستان کو محمد عرفان، راحت علی اور محمد عباس اور دیگر ٹاپ کلاس کھلاڑی فراہم کئے۔ کے آر ایل نے ایاز بٹ کی مدت ملازمت پوری ہونے کے باوجود ان کی خدمات کے صلے میں انہیں دو سال قبل کنٹریکٹ پر دوبارہ اپنے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کا سربراہ برقرار رکھا جو ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تازہ ترین