• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان رسالت میں گستاخی امن سبو تاژ کر سکتی ہےاقبال چوہدری

منہاج القرآن اسپین کے رہنما محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے لیکن شان رسالت میں گستاخی اس امن کو سبو تاژ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا میں امن قائم کرنا ہے تو مسلمانوں کی دل آ ٓزاری ختم کرنا ہوگی۔

دنیا بھر کی طرح اسپین میں مقیم مسلمان کمیونٹی اور دوسرے مذاہب کے افراد نے مل کر ہالینڈ کے سیاستدان گیرٹ ویلڈرز کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کرائے جانے کے خلاف خواتین کی ایسوسی ایشن ’’ آسے سوپ ‘‘ کے زیر اہتمام بارسلونا کے کولمبس ٹامب چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مسلمان کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ا سپین میں مقیم ہندو ، سکھ ، عیسائی اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور گیرٹ ویلڈرز کے خلاف سخت الفاظ میں نعرے بازی کی ۔

احتجاجی ریلی میں اسپین کی مختلف تنظیمات ، ایسوسی ایشنز ، مذہبی سیاسی اور سماجی اداروں کی بھر پور نمائندگی موجود تھی ۔ ریلی کولمبس ٹامب سے ہوتی ہوئی مختلف شاہراہوں پر پھیل گئی۔

شرکاء ریلی کا کہنا تھا کہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی کرنے والے کیوں نہیں سمجھتے کہ ایسا کرنے سے مسلمان کمیونٹی کو کتنی تکلیف ہوتی ہے ۔

ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی نہیں ہونے دیں گے اور اس طرح کے عمل پر سخت احتجاج ہو گا ۔

احتجاجی ریلی سے سلطان باہو کے گدی نشین پیر ریاض الحسن قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے آقا کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر سکتے ہیں ، ہمارے ماں باپ ہماری اولادین حضرت محمد ﷺ پر قربان ہو جائیں تو بھی ہم خوشی خوشی ایسا کر دیں لیکن ہم اپنے نبی ﷺکے خلاف نہ کوئی بات سن سکتے ہیں اور نہ ہی کسی کو ایسی جرات کرنے دیں گے کہ وہ شان رسالت میں گستاخی کا ارتکاب کریں ۔

تازہ ترین