• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غفلت کے باعث بچے کی معذوری ناقابل تلافی نقصان ہے، سعید غنی

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت کے باعث عمر نامی بچے کی معذوری ناقابل تلافی نقصان ہے،کے الیکٹرک انتظامیہ فوری طور پر پورے شہر میں اپنے نظام کو درست کرے۔ سندھ حکومت متاثرہ بچے عمر کے ساتھ ساتھ برنس وارڈ میں متاثر حارث کی بھی مکمل معاونت کرے گی اور ان کا مکمل علاج معالجہ بھی کرایا جائے گا۔ برنس وارڈ میں تمام تر سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے ہم ہر ممکن طور پر پورا کریں گے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سول اسپتال کے برنس وارڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے برنس وارڈ میں کے الیکٹرک کی انتظامیہ کی غفلت سے حادثہ کا شکار ہونے والے بچے عمر کی عیادت کی اور اس موقع پر ڈاکٹروں سے ان کی طبیعت کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کی۔

بعد ازاں اسی وارڈ میں ایک حادثہ کا شکار معصوم حارث کی بھی عیادت کی اور ان کے حوالے سے بھی ڈاکٹروں سے مکمل معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت سے معصوم عمر آج جس حادثے کا شکار ہوا ہے اس کی مکمل ذمے دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہے اور اس سلسلے میں ان کے خلاف تمام تر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر عمر کے ورثہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو حادثہ کے حوالے سے تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس کی مکمل ذمہ دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہے، جس پر صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلے میں تمام تر قانونی تقاضوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور تمام قانونی سہولیات بھی انہیں فراہم کی جائیں گی۔

تازہ ترین