• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاکستان سمیت آٹھ ترقی پذیر مسلم ممالک کے بلاک ڈی ایٹ کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں اقتصادی ترقی اور جمہوریت کو لازم و ملزوم قرار دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ دنیا میں اب غیر جمہوری قوتوں کی بجائے جمہوری قوتوں کی اہمیت بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔یہ ہر لحاظ سے اچھی سوچ ہے مگر دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ کے ہوتے ہوئے یہ سوچ آگے بڑھ سکے گی۔ اس وقت عملاًپوری دنیا ایک عجیب طرح کے اقتصادی بحران سے دوچار ہے ۔ امریکہ اور یورپ کا بحران اپنی طرز کا ہے۔ پاکستان سمیت مختلف ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی بحران کی نوعیت مختلف ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش ہر ملک میں اقتصادی ترقی کی ترجحات بدل رہی ہیں۔ شاید اس پس منظر میں ڈی ایٹ کانفرنس میں 2018ء تک مشترکہ تجارت 500ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔ اس کے لئے پاکستان ، ترکی، ایران، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائیجریا اور مصر نے مشترکہ دستاویز پر دستخط کئے ہیں جن کی مجموعی آبادی ایک ارب نفوس سے زائد ہے۔ جو دنیا میں20فیصد سے زائد افراد کی نمائندگی کرتے ہیں اور 40فیصد سے زائد قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ ان ممالک میں جمہوریت ہے بھی اور نہیں بھی، لیکن ہر ملک ترقی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔
پاکستان میں بھی حکومت کی طرف سے اس طرح کے عزم کا اظہار تو کیا جاتا ہے لیکن انرجی کے بحران، مس گورننس، کرپشن ،امن و امان کی صورتحال وفاق اور صوبوں میں معاشی ترقی کے ایجنڈے پر مشترکہ سوچ اپنانے کی بجائے ایک دوسرے پر پوائنٹ سکورنگ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات تو مرتب ہورہے ہیں، وہاں عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن ہوتی جارہی ہے حالانکہ اگر یہ مسائل قومی جذبے اور ویژن کے ساتھ حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھ کر طے کرنے کی حکمت عملی اپنالیں تو اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ ڈی ایٹ نہیں پوری دنیا میں غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کے اہداف پورے کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مسلم ممالک کا مضبوط اقتصادی بلاک بنانے اور مغرب پر انحصار کم کرکے اپنے درمیان ہر تجارت اور سیاحت کو فروغ دے کر تعلیم ،ٹیکنالوجی اور دیگر سماجی اور فنی شعبوں میں تعاون کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ اس کے لئے مسلم ممالک کی اکثریت کو امریکی اور یورپی ممالک کے تسلط سے نکل کر 2013ء سے2015 ء کے درمیان نئے مسلم اکنامک بلاک کے حوالے سے سوچنا ہوگا۔ اس لئے کہ2014ء کے بعد دنیا کے اقتصادی اور معاشی نظام میں ایک بڑی تبدیلی کے اشارے مل رہے ہیں۔ جس کا آغاز امریکہ کے افغانستان سے نکلنے میں ہوگا۔ اس کے بعد اس خطہ میں اقتصادی ترقی اور افغانستان میں سرمایہ کاری کے لئے امریکہ، چین اور بھارت زیادہ سرگرم نظر آئیں گے لیکن اگر اس سے پہلے مسلم ممالک اقتصادی ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردیں تو اس سے خطہ میں ایران ،ترکی، بنگلہ دیش اور پاکستان زیادہ اقتصادی فوائد حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس کے لئے انہیں جمہوری سوچ کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر تعاون کرنا ہوگا۔
اس وقت پاکستان کیا، ہر جگہ جمہوریت کے نام پر غیر جمہوری طریقے سے نظام چلایا جارہا ہے جس سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھتے جارہے ہیں ۔اس حوالے سے پاکستان سرفہرست ہے ،بنگلہ دیش بھی ہمارے پیچھے پیچھے ہے، ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مشترکہ اقتصادی ترقی کا نیا ایجنڈا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مرتب کیا جائے۔ تمام ممالک اپنے اپنے نجی شعبہ کو دوسرے مسلم ممالک سے تجارت بڑھانے کے مواقع فراہم کریں۔ اس سے تجارتی حجم 500ارب ڈالر نہیں ایک ہزار ارب ڈالر سے بھی بڑھ سکتا ہے اور اس سے ہر ملک کے اقتصادی حالات میں بہتری آنے سے غربت، بے روزگاری اور دہشتگردی کے مسائل میں کمی آسکتی ہے جو وقت اور حالات کی اشد ضرورت ہے۔ اس وقت پاکستان عملاً ایک ایسے دوراہے پر کھڑا نظر آرہا ہے جہاں گورننس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔ اسلام آباد اور صوبوں میں اخباری بیانات اور دعوؤں پر حکومتیں کام کرتی نظر آرہی ہیں اور عوام کی اکثریت کا دل بہلا رہی ہیں۔ ہمارے عوام بیچارے بڑے سادہ اور معاف کرنے والے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ہماری ایلیٹ کلاس لوٹ مار اور کرپشن پر کیسے پردہ ڈالتی ہیں۔ ان 8فیصد سے 10 فیصد افراد کو ملک سے صرف اخباری بیانات اور ٹی وی انٹرویوز تک محبت ہوتی ہے عملاً ان کا تعلق نہ تو جمہوریت سے ہوتا ہے اور نہ ہی جمہوری روایات اور اقدار سے، حالانکہ مضبوط جمہوریت سے ہی اقتصادی ترقی کے ثمرات ملک و قوم کو ملتے ہیں۔ پاکستان میں تو عوام اب ان ثمرات کو ترس گئے ہیں آگے کیا ہوتا ہے یہ تو کچھ نہیں کہا جاسکتا، فی الحال تو ڈی ایٹ کانفرنس کی روشنی میں مسلم ممالک کے اقتصادی سفر کا آغاز کیا جاسکتا ہے ،بس دعا ہے کہ یہ سفر مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کے ٹریک پر نہ چلے وہاں سب کچھ ان کے ہاتھ سے نکل جائیگا۔
تازہ ترین