• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’آپریشن دوارکا‘ دشمن کے دلوں پر آج بھی لرزہ طاری ہے

ستمبر کا مہینہ، پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخ ساز فتح کا مہینہ ہے۔6ستمبر1965ء کو بھارت نے طاقت کے نشے میں مست ہو کر عالمی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا، جس کا بَری اور فضائی افواج کے ساتھ پاک بحریہ نے بھی ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ بھارت چاہنے کے باوجود بھی آج تک ان زخموں کو بھلانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ پاک بحریہ کی انہی شاندار اور بے مثال خدمات کی روشنی میں 8 ستمبر کو ’’یومِ بحریہ‘‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

پاک بحریہ ایک خاموش دفاعی قوت ہے، ہمارے بحری محافظ ساحلوں سے دور سمندروں کی سطح اور گہرائی میں اپنا مشن بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک آبدوزجب پانی کی سینکڑوں میٹر گہرائی میں آپریشن کرتی ہے تو وہ نگاہوں سے اوجھل رہتی ہے لیکن دشمن کیلئے ہر لمحہ خطرے کی گھنٹی ہوتی ہے۔ وطنِ عزیز کے دفاع، آبی سرحدوں کی نگرانی اور اب سی پیک کے تناظر میں پاک بحریہ کی اہمیت دوچند ہو گئی ہے۔

6ستمبر1965ء کی صبح جنگ کے آغاز اور اس میں ہونے والی تباہ کاریوں کی خبریں پاکستان بھر میں آگ کی طرح پھیل گئیں۔ اسی وقت پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہاز، کروز، سرنگوں کو تباہ کرنے والے 5 جنگی جہاز اور ٹینکر معمول کی مشقوں کے لیے روانہ ہونے والے تھے مگر جنگ کی خبروں کے باعث روانہ ہونے میں کسی حد تک جلدی کی گئی۔ ایک ماہ قبل رن آف کچھ میں ہونے والی جھٹرپ کی وجہ سے جنگی جہاز پہلے ہی انتہائی تیاری کی حالت میں تھے، صرف ان پر گولہ بارود اور عملے کی خوراک لوڈ کی گئی۔

جنگ کے آغاز کے دوسرے دن 7 ستمبر کو اپنے ساحل کے دفاع کے لیے جنگی جہاز حفاظتی گشت پر مامور تھے کہ اس دوران نیول ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں ہدایت کی گئی کہ جتنی تیزی سے ممکن ہو جنوبی دوارکا سے مغرب میں 120 میل کی طرف بڑھیں اور شام 6 بجے تک پوزیشن سنبھال لیں۔ آپریشن کی قیادت کموڈور ایس ایم انور کررہے تھے۔

پاک بحریہ نے دفاعی جنگ لڑنے کی بجائے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ 7ستمبر کی شام کو جب پاک بحریہ نے کراچی سے پونے دو سو میل دور اپنی منزل کی طرف سفر شروع کیا تو بپھرا ہوا بحیرہ عرب بھی اپنی پُرشور موجیں سمیٹ کر ان کے راستے سے ہٹ گیا۔ غازیوں کا یہ قافلہ نصف شب کو اپنی منزل پر پہنچ گیا۔

دوارکا میں بھارتی بحریہ کا ریڈاراسٹیشن اورفضائی اڈہ تھا۔ پاک بحریہ کے جہازوں میں پی این ایس بابر، پی این ایس بدر، پی این ایس خیبر، پی این ایس جہانگیر، پی این ایس عالمگیر، پی این ایس شاہجہاں اورپی این ایس ٹیپو سلطان شامل تھے۔

شیڈول کے مطابق، پاکستان نیوی کے 7 جہازوں کے گروپ نے فائرنگ پوزیشن پر نصف شب کو پہنچ کر اپنی پوزیشن سنبھال لیں، ان کے ساتھ27گنز تھیں۔ ایک کروز بابر کے پاس 5.25″ ٹورٹس، دو جنگی کلاس ڈسٹرائرز، پی این ایس خیبر اور بدر کے پاس 4.5″ ٹورٹس تھے۔ تین چوکر کلاس 4.5″ ڈسٹرائرز مونٹنگز تھیں۔ ایک فریگیٹ ٹیپوسلطان 4″ مونٹنگز تھی۔ جہازوں نے شمال مغرب کی جانب رُخ کیا تاکہ تمام گنوں سے بیک وقت فائرنگ کو ممکن بنایا جا سکے۔ چند منٹوں میں اللہ اکبر کی صداؤں میں ساڑھے چار منٹ تک مسلسل بمباری کرکے50،50راؤنڈز فائر کیے، مطلوبہ ہدف تباہ کیا اور دشمن کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔

اس کامیاب آپریشن میں ایک جانب تو بھارت کا کراچی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تو دوسری جانب دو بھارتی افسر اور13 سیلرز بھی ہلاک کردیے۔ اس کے علاوہ رن وے کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جب کہ انفرااسٹرکچر اور سیمنٹ فیکٹری کو بھی راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ اس اچانک حملے پر بھارتی کمان حیران تھی، تاہم اس مشن میں پاک بحریہ کو کئی خطرات بھی لاحق تھے لیکن پاک بحریہ کے جوانوں نے اپنے جذبۂ شہادت اور مشن کی تکمیل کے لیے ان تمام خطرات کی بالکل بھی پروا نہ کی۔

اس جنگ میں پاک بحریہ کو امریکی آبدوز غازی کی شکل میں بھارت پر سبقت حاصل تھی اور ایسی آبدوز پورے خطے میں موجود نہ تھی۔ دوسری جانب اس جنگ میں برادر دوست ملک انڈونیشیا کا کردار بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس وقت کے صدر سوئیکارنو نے اندمان اور نکوبار کے جزائر کا محاصرہ کروایا اور پاکستان کی مدد کے لیے فوری طور پر دو آبدوزیں اور دو میزائل بردار کشتیاں روانہ کیں لیکن اس وقت تک پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہو چکی تھی۔

سمندر میں پاک بحریہ نے جنگ کے آغاز پر ہی بھارتی نیوی کو دوارکا کے مقام پر جا لیا، ہلاکتوں کے علاوہ مالی اور جانی نقصان پہنچایا اور بھارتی نیوی کو غیر یقینی کیفیت میں ڈال کر محدود کر دیا۔ یہ پاکستان کی قومی اور عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے والا ایک عظیم واقعہ ہے۔

آپریشن دوارکا، بحری تاریخ کا ایک سنہرا باب،پاکستان کے سمندری محافظوں کا عظیم کارنامہ اور رہتی دنیا تک بھارتی غرورپر طمانچہ ہے۔

تازہ ترین