• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وٹامنز انسانی جسم کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جن کی کمی اندرونی نظام کو ہی متاثر نہیں کرتی بلکہ چہرے کی جلد پر بھی اثر انداز ہوتی ہے اور اس پرگہرے دھبے نمودار ہوجاتے ہیں جبکہ مناسب مقدار میں وٹامنز حاصل کرنا جگمگاتی اور خوبصورت جلد کاباعث بنتا ہے۔ صاف شفاف اور بے داغ جلد کے لیے اگر متوازن خوراک اور مناسب دیکھ بھال کی جائے تو مہنگے بیوٹی پراڈکٹس اور پیچیدہ ٹریٹمنٹ سے بچنا ممکن ہوسکتا ہے۔اگرجلد صحت مند ہوتو خوبصورتی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ 

جلد انسانی جسم کا وہ حصہ ہے جو نقصان پہنچانے والے عناصر سے بچاؤ کے لئے دیوار کا کام کرتی ہے، جیسے سورج کی شعاعیں، جراثیم، سردی کے اثرات، زہریلے مادے اورساتھ ہی ساتھ یہ جسمانی درجہ حرارت کومنظم کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ بھی صحت مند اور خوبصورت جلد کی مالک ہوں تو چار ضروری وٹامنز کو اپنی خوراک میں شامل کرلیں۔

وٹامن ڈی

وٹامن ڈی جلد کے لیے ضروری وٹامنز میں سرفہرست ہے، اس کی کمی جلد کی خرابی کاسبب بنتی ہے۔وٹامن ڈی بھی دوطرح کا ہوتا ہے، وٹامن ڈی ٹواوروٹامن ڈی تھری۔ صبح سویرے سورج کی کرنوں سے وٹامن ڈی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ لنس پالنگ انسیٹیوٹ کے مطابق دن بھر میں 600 ٰٗIU وٹامن ڈی کے داخلے کی انسانی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔ بغیر احتیاط کے مسلسل دھوپ میں رہنے سے سورج کی الٹراوائلٹ شعاعیں جلد کے کینسراوراینٹی ایجنگ کاباعث بنتی ہیں۔

وٹامن ڈی کا حصول

٭دس منٹ دھوپ میں بیٹھ کرآپ بڑی مقدار میں وٹامن ڈی اپنی جلد کے ذریعے جسم میں جذب کرسکتے ہیں (اگر آپ ماضی میں جلدی امراض میں مبتلا رہے ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے لازمی مشورہ کریں )۔

٭غذائیت سے بھرپور ناشتہ کریں مثلاً دلیہ،کینو کا جوس یا دہی وغیرہ کا استعمال۔

٭ان اشیا کا استعمال کریں جن میں وٹامن ڈی قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے مثلاًٹونا، سامن اور کوڈمچھلی۔ اس کے علاوہ وٹامن ڈی دودھ،مچھلی کے تیل،انڈہ اور بالائی میں بھی پایا جاتا ہے۔

وٹامن سی

وٹامن سی پانی میـں حل ہونے والا وٹامن ہے، یہ جلد کو صحت مند اور وقت سے پہلے جھریاں پڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔یہ جلد میں جراثیم کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے، ساتھ ہی کولیجن فائبر بنا نے میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔وٹامن سی میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو جلد کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ وٹامن سی کی کمی سے جلد خشک ،کھردری اوربے جان ہوجاتی ہے۔

وٹامن سی کے ذرائع

٭ترش پھل

٭پودوں سے حاصل ہونے والی غذائیں مثلاً اسٹرابیری،پھول گوبھی اور پالک

٭کینو کا جوس

٭ تازہ سبزیاں اور پھل مثلاً لیموں، انگور، آلو، ٹماٹر، سنگترے اور دیگر رسیلے پھلوں میں بھی بکثرت پایا جاتا ہے۔

وٹامن ای

وٹامن سی کی طرح وٹامن ای بھی ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جو جلد کے لیے ضروری دیگر وٹامنز کے ساتھ مل کر جلد کی حفاظت کرتا ہے۔وٹامن ای نقصان دہ ریڈیکل سے لڑنے میں مددگار ہوتا ہے۔ ناقص غذا، فضائی آلودگی، سورج کی روشنی اور تمباکونوشی سے جسم میں قدرتی طورپرفری ریڈیکل بنتے ہیں۔وٹامن ای جلد کواینٹی ایجنگ اورجھریوں سے بچاتاہے۔

وٹامن ای کے ذرائع

گری دار میوے اور بیج مثلاً بادام ،ہیزل نٹ، ریٹھا،مونگ پھلی،اور سورج مکھی کے بیج

٭ سورج مکھی کا تیل

٭پھول گوبھی اورپالک سے بھی وٹامن ای حاصل کیا جاسکتا ہے

٭گندم ،چنا،سبز پتوں،گوشت،مچھلی،انڈہ، بنولہ بھی وٹامن ای حاصل کرنےکے ذرائع ہیں

وٹامن کے

ہم اکثروبیشتر وٹامن کے کی اہمیت سے ناواقف ہوتے ہیں لیکن وٹامن کے جلد کی مختلف حالتوں مثلاً اسٹریچ مارک، داغ دھبوں، حلقوں اور دیگر نشانات کے بننے میں رکاوٹ ہے، اس کے علاوہ وٹامن کے پروٹین بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ کہ خون کے کلاٹ نہیں بننے دیتا۔

ذرائع

یونیورسٹی آف فلوریڈا کے مطابق وٹامن کے گوبھی ،پالک ،سلاد پتہ ،ٹماٹر،کلیجی اورسویا بین میں پایا جاتا ہے۔

جسم میں کسی ایک بھی وٹامن کی کمی جلد کو متاثر کر سکتی ہے۔دن بھر کی محنت و مشقت یا بیماری سے جسم میں وٹامنز کی کمی ہوجاتی ہے۔اس لئے جلد کی تازگی اور مناسب نشوونما کے لئے اضافی وٹامنز حاصل کرنے چاہئیں۔ سورج کی شعاعوں سے ہونے والی جلدی بیماریوں اور ان کی روک تھام کے لیے وٹامن سی اور وٹامن ای کا کردار نہایت اہم ہے۔

وٹامن انسانی زندگی میں خاص اہمیت رکھتے ہیں خوبصورتی ہو یا صحت مند طرز زندگی وٹامن کی اہمیت ناگزیر ہے ۔

تازہ ترین