• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ پولینڈ،پاکستان میوزک شو‘عمران عزیز میاں کی شاندار پرفارمنس

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے ایشیا پسیفیک میوزیم میں منعقد ہونے والے ’پولینڈ،پاکستان میوزک شو‘ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے قوال عمران عزیز میاں نے اپنی زبردست پرفارمنس دکھا کر شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

یہ میوزک شو اس پروگرام کا حصہ ہے جو ’سرحدی قیود سے آزاد پولینڈ۔پاکستان میوزیک‘ کے عنوان سے چند سالوں سے دونوں ملکوں کے مابین جاری ہے۔

پروگرام پاکستان میں پولینڈ کے سفارتخانے نے فن و ثقافت کو فروغ دینےمیں سرگرم پاکستانی تنظیم ’فیس فاونڈیشن برائے آرٹس، کلچر اینڈ ایجوکیش‘ کے تعاون سے کچھ عرصہ قبل شروع کیا تھا اور اس پروگرام کے تحت پولینڈ اور پاکستان میں اب تک متعدد مشترکہ شو منعقد ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین شو میں پاکستان کے نامور قوال عزیز میاں کے فرزند عمران عزیز میاں نے اپنے ہمنواووں ارشاد علی اور آصف محمد کے ہمراہ بڑے خوبصورت انداز میں قوالی کے طرز پر صوفیانہ کلام پیش کیا۔

خاص طور پر معروف بزرگ صوفی شاعر شاہ حسینؒ کی کافی سے لیا گیا کلام ’مائیں نی کنوں آکھاں، درد وچھوڑے دا حال نی‘ گا کر یورپی شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

اس مشترکہ شو میں پولینڈ کی مشہور خاتون گلوکارہ ’ماریا رومینسکا‘ اور ساتھی فنکار ’ کامیل روگنسکی‘ نے اپنے ملک کی نمائندگی کی، ان کے ساتھ گروپ میں شامل دیگر پولیش فنکاروں میں مارسین رومنس کی، مارسین درابیک اور جیک فید کوویچ قابل ذکر ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر عمران عزیز میاں نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ اس پروگرام کی وجہ سے انہیں اور ان کے ملک کو پولینڈ میں بہت عزت ملی ہے، اس طرح کے پروگراموں سے اقوام و ممالک ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کلچرل ڈپلومیسی ہے، یہ آزاد ثقافتی سفارتکاری ہے اور ان مواقع سے حکومت پاکستان کو بھی بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

پولش گلوکارہ ماریا رومین سکا نے بتایاکہ اس پروگرام کے تحت وہ دوبار پاکستان جاچکی ہیں اور انہیں وہاں بہت پذیرائی ملی ہے،وہاں کا دورہ کرنے اور پرفارم کرنے سے پتہ چلا ہے کہ پاکستان فن و ثقافت سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے اور وہ اعلیٰ پاکستانی اقدار کی بڑی قدر کرتی ہیں۔

عمران عزیز میاں اور ماریا رومینسکا نے پاکستان اور پولینڈ کے مابین اس مشترکہ میوزک پروگرام کے بارے میں ایک عشائیہ تقریب کے دوران بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا، جس کا پولینڈ میں مقیم ممتاز پاکستانی کاروباری شخصیت سلیمان محبوب نے ایک مقامی پاکستانی ریسٹورنٹ میں اہتمام کیا تھا۔

دورہ پولینڈ کے دوران عمران عزیز میاں نے دوسرے شہروں اولشتین اور گنیزنو میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جہاں بڑی تعداد میں پولش باشندے موجود تھے۔

تازہ ترین