• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، تمام ٹیمیں مضبوط، اسپنرز کا کردار اہم ہوگا، سرفراز، ورلڈ کپ کا سفر شروع ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ میری بیٹنگ فارم کے حوالے سے غیر ضروری باتیں کی جارہی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز اور زمبابوے کی سیریز میں میری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ لوگ سوالات ضرور کریں لیکن شکر ہے ابھی تنقید سے بچا ہوا ہوں۔ کوشش کرتا ہوں کہ نیک نیتی سے کارکردگی دکھائوں اور سو فیصد کارکردگی دینے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو بھی ساتھ لے کر چلوں۔ سرفراز احمد نے اپنی انفرادی تیاری کے حوالے سے کہا کہ وہ بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں اور ان کی فٹنس بھی اس وقت بہتر ہے، جبکہ کبھی بھی آرام کرنے کے حوالے سے بات نہیں کی۔ وہ پیر کو دبئی روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم پیر کی شب لاہور سے روانہ ہوگئی۔ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف تقریبا پندرہ ماہ بعد پہلا میچ کھیلے گی۔ ایشیا کپ میں ر وایتی حریف کے خلاف میچ میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ایشیا کپ سے پاکستانی ٹیم کے لئے ورلڈکپ کے سفر کا آغاز ہوجائے گا۔ پاکستانی ٹیم میں تجربہ کار آل رائونڈر محمد حفیظ کی ضرورت ہے اور وہ ہمارےپاکستان کے ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں۔ جہاں بھی ضرورت ہوئی، ان کو شامل کریں گے۔ امید ہے محمد حفیظ ورلڈکپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے ساری ٹاپ ٹیمیں کھیل رہی ہیں، تاہم بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ سرفراز احمد نے واضح کیا کہ یہاں تمام ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیں گی، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے اسپنرز کو مؤثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔ متحدہ عرب امارات کی پچز سلو ہوتی ہیں، کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ٹیم پلان بنائیں گے۔ پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور اچھا پرفارم کریں گے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پہلے بیٹنگ کی تو 300 سے زائد رنز کرنے کی کوشش کریں گے ، ہماری بولنگ 300 رنز سے زائد کے ہدف کا دفاع کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کیلیے تمام ٹیموں نے مضبوط اسکواڈز منتخب کیے ہیں، افغانستان سمیت کسی کو بھی کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے۔ غیر ملکی کوچز کی رہنمائی میں قومی کرکٹرز کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے، ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس کی کافی مصروفیات ہیں، تیاریوں کیلیے زیادہ وقت باقی نہیں۔ ایشیا کپ کے لیے کیمپ میں گرم موسم کے باوجود کھلاڑیوں نے سخت محنت کی، کوشش کریں گے کہ تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم کریں۔ بھارت کے خلاف میچ بہت اہم ہے اور یہ میچ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہوگا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کسی ایک شعبے پر انحصار نہیں، تمام شعبوں میں بھرپور محنت کریں گے، ٹیم میں کافی چیزیں بہتر ہوئی ہیں اور بیٹنگ لائن ہدف حاصل کرنے کی قابلیت رکھتی ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اے ٹیم بھی سیریز کھیلنے کے لیے دبئی میں ہی ہوگی اگر ایشیا کپ میں متبادل کھلاڑی کی ضرورت ہوئی تو وہاں سے ہی بلا سکتے ہیں۔ یو اے ای میں موسم گرم ہے، رات میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہوتا ہے اور رات کے وقت جلد فلڈ لائٹس آن ہوتی ہیں توبیٹنگ تھوڑی مشکل ضرور ہوگی۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ہفتہ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے جس کے لیے قومی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھرپور پریکٹس بھی کی۔ پاکستانی ٹیم پہلا میچ اتوار کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم سرفراز احمد، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت 6 ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا 19 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 

تازہ ترین