• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم انتظامیہ کا اعلان، طلعت علی منیجر برقرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیئرمین کی تبدیلی کے باوجود سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے اسٹاف افسر اور ان کے قریب تصور کئے جانے والے عماد حمید کو پاکستان ٹیم کو نیا میڈیا منیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ پی سی بی کی ایک اعلیٰ شخصیت کے ڈپارٹمنٹ میں ان کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ منصور رانا کو پاکستانی ٹیم میں اسسٹنٹ منیجر بنایا گیا ہے جبکہ سابق چیئر مین کے قابل اعتماد ساتھی عون زیدی کو اسسٹنٹ منیجر کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کی 16 رکنی ٹیم کے ساتھ 12 رکنی ٹیم انتظامیہ کا اعلان کردیا ہے۔ چار آفیشلز منصور رانا، عماد حمید، بریڈ برن اور مساجر پہلی بار ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سابق ٹیسٹ اوپنر طلعت علی ملک کو منیجر کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے۔جبکہ مکی آرتھر ہیڈ کوچ اور اظہر محمود بولنگ کوچ ہوں گے۔ پی سی بی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ مکی آرتھر ہیڈ کوچ، اظہر محمود بولنگ کوچ، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ، گرانٹ بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، گرانٹ لوڈن ٹرینر، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، طلحہ بٹ اینالسٹ، کرنل (ر) محمد اعظم خان سیکیورٹی منیجر ہوں گے جب کہ مساجر کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مساجر کا تقرر دبئی جاکر کیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن دبئی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

تازہ ترین