• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی و مذہبی جماعتوں کاکلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار

پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااورلواحقین سے تعزیت کی ہے ۔

سابق صدر آصف زرداری ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، ایم کیو ایم کے عامر خان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے شریف خاندان سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دلی تعزیت کی ۔آصف زرداری نے بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کےلئے دعا کی ،لواحقین سے تعزیت کی اور ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایک بہادر خاتون تھیں،انہوں نے جمہوریت کےلئے جدوجہد کی ۔پی پی چیئرمین نے سابق خاتون اول کے تمام سوگواران سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔

جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ کلثوم نواز ایک اچھے خاندان سے تعلق رکھنے والی خاتون تھیں،بدقسمتی سے ان کی بیماری سے متعلق طرح طرح کی افسوسناک باتیں کی گئیں۔انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت کی اور ان کی مغفرت کےلئے دعائیہ الفاظ بھی کہے ۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز انتہائی باوقار خاتون تھیں ،ان کے انتقال کی خبر پر افسوس ہوا،اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ مرحمت فرمائے۔

اے این پی کے رہنما میاں افتخار نے کہا کہ دل دکھتاہے کہ کلثوم نوازکی بیماری کا مذاق اڑایاگیا،آمریت کےدور میں کلثوم نوازنےسیاست میں اہم ترین کرداراداکیا۔

تازہ ترین