• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پہلی مرتبہ 121 خواتین فلم سازوں کی موویز پیش کی جائینگی

ٹورنٹو (نیوز ڈیسک) دنیا کے بڑے فلمی میلوں میں سے ایک ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘(ٹی آئی ایف ایف) میں پہلی بار ریکارڈ 121 خواتین فلم پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز و شریک فلم سازوں کی موویز کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا ۔ ٹورنٹو فیسٹیول 6 سے 16 ستمبر تک جاری رہے گا اور اس دوران دنیا کے متعدد ممالک کی فلمیں، ڈاکومینٹریز، مختصر فلمیں اور ڈرامہ فلمیں دکھائی جائیں گی ۔ ٹی آئی ایف ایف کی ویب سائیٹ کے مطابق 10 روزہ فلم فیسٹیول کے دوران مجموعی طور پر 435 فلمیں، ڈاکومینٹریز اور مختصر فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں 10 روزہ فیسٹیول کے دوران ڈانس پروگراموں سمیت شوبز، میڈیا، فیشن اور کلچر سے متعلق متعدد تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق رواں برس فیسٹیول کے دوران ریکارڈ خواتین فلم سازوں کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں ۔مجموعی طور پر رواں برس 35 فیصد فلمیں ایسی ہیں جنہیں یا تو خواتین نے پروڈیوس کیا ہے یا وہ فلمیں خواتین ڈائریکٹرز و شریک پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی فلمیں ہیں ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں اتنی زیادہ خواتین کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں ۔ اس سے قبل بھی ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں ہی دیگر فلمی میلوں کے مقابلے خواتین کی زیادہ فلمیں پیش کی جاتی رہی ہیں ۔ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں خواتین کی پیش کی جانے والی 121 فلموں میں بولی وڈ فلم ساز نندیتا داس کی فلم ’منٹو‘بھی شامل ہے، جو اس سے قبل کانز میں بھی پیش کی جاچکی ہے۔

تازہ ترین