• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کومہنگی بجلی اورطویل لوڈشیڈنگ کا عذاب سہنا پڑرہا ہے، طاہر مجید

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حیسکو صارفین کے لیے ملک میں سب سے زیادہ بجلی مہنگی کرنا ظلم ہے، نئی نویلی حکومت سے عوام کوریلیف کی توقع تھی مگر ایک مہینہ ختم ہونے سے پہلےہی نئی حکومت سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل پڑےگی یہ اس کے اپنے کارکنوں تک نے نہیں سوچا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی ادارے نیپر انے حیسکوصارفین پرمہنگی بجلی کاسب سے زیادہ بوجھ لاد دیا ہے، 100 یونٹ تک بجلی کا فی یونٹ23 روپے 54 پیسے کا کردیا گیا ہے، جبکہ حیسکو صارفین کے علاوہ پورے ملک میں بجلی کی قیمت کم ہے، نیپرا کا یہ اقدام امتیازی سلوک ہے، دوسری جانب ڈیٹکشن اورٹیکسوں کے نام پرسندھ کے عوام کومسلسل لوٹاجارہا ہے، نیلم جہلم منصوبہ مکمل کرنے کے لیے جو ٹیکس لگایا تھا وہ منصوبہ مکمل ہوگیا مگر ٹیکس تاحال بل میں لگا ہوا ہے، مہنگی بجلی اور طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام کو سہنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ چندمہینے پہلے تک پانی اور بجلی کی جو شدید قلت تھی اب اس قدر نہیں ہے، نیلم جہلم منصوبے کے چاروں یونٹ نے بجلی کی پیداوارشروع کردی ہے، دریا، نہریں اور ڈیم پانی سے بھرے ہوئے ہیں پھر بھی آٹھ دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، وزیراعظم کے حلف سے قبل صورتحال بہت اچھی نہ سہی لیکن بہتر ضرور تھی، مگر اب طویل لوڈشیڈنگ زورو شور سے جاری ہے۔
تازہ ترین