• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذوالفقارآباد آئل ٹینکرز ٹرمنل پر ضروری سہولتیں فراہم ،پارکنگ کا آغاز

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی مربوط کوششوں کے نتیجہ میں ذوالفقارآباد آئل ٹینکرز ٹرمنل پر آئل ٹینکرز مالکان نے پارکنگ شروع کر دی ہے،آئل ٹینکرز ٹرمنل کے اطراف سڑکوں اور دیگر مقاما ت پر غیر قانونی پارکنگ کو ختم کر دیا گیا ہے، ٹرمنل پر ٹینکرز کی پارکنگ اور ڈرائیورز کے لئے مطلوب تمام ضروری سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں پارکنگ کے انتظامات اور سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،ٹینکرز مالکان نے انتظامیہ کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے کمشنر کراچی صالح فاروقی سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کے اقدامات کی خود نگرانی کررہے ہیں،ٹرمنل پر سہولتوں کی فراہمی اور پارکنگ کے انتظامات کا جایزہ لینے کے لئے انھوں نے اپنے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکنگ انتظامات اور ٹرمنل کے امور کو بہتر طور پر چلانے کے لئے مینجمنٹ کمیٹی قائم کی جاے گی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہو ں گے،کمیٹی میں انتظامیہ ، پولیس ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران اور آئل کمپنیوں اور ٹینکرز ایسو سی ایشن کے نمائندے شامل ہو ں گے کمشنر نے کہا کہ ٹرمنل منصوبہ سے شہر میں ٹریفک مسائل کم کر نے میں مدد ملے گی، ڈپٹی کمشنر ملیر لیفٹننٹ ریٹائرڈ عابد علی نے اجلاس کو پارکنگ اور سہولتوں کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتا یا کہ آئل ٹینکرز مالکان نے ٹرمنل پر پارکنگ شروع کر دی ہے، ٹرمنل کے باہر شاہر اہ سے غیر قانونی پارکنگ ختم کر دی گئی ہے،ٹریفک پولیس غیر قانونی پارکنگ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے،انھوں نے بتایا کہ پیر کو آٹھ سو سے زائد ٹینکرز پارک کئے گئے،کمشنر کراچی صالح فاروقی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی رپورٹ پیش کر نے سے قبل وہ خو د ایک بار پھر ٹرمنل کا دورہ کریں گے۔

تازہ ترین