• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کی جائے، علی رضا سید

برسلز (حافظ انیب راشد )چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر اقوام متحدہ کی نئی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔اقوام متحدہ کی نئی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بچالت جو چلی کی سابق صدر بھی ہیں، نے پیر کے روز اپنے تازہ ترین بیان میں کہاہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں نشاندہی شدہ خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔نئی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق جو اپنے پیشرو زید راعد الحسین کی جگہ تعینات ہوئی ہیں، نے کشمیریوں کے مساوی حقوق، ان کے لیے انصاف و ان کے وقار پر زور دیتے ہوئے مزید کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بارے میں ہماری حالیہ رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر ابھی تک عمل نہیں ہوا۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضا سید نے اس نئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی کسی اعلیٰ اہلکار کا یہ تازہ بیان ایک اہم پیشرفت ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کی جائے۔یادرہے کہ اس سال جون میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سابقہ ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے اپنی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ایک انکواری کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات جموں و کشمیرکے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس پر بلاتاخیر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ علی رضا سید نے کشمیریوں کی شمولیت سے بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیرکے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پہلی دفعہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو رکوانے، ماضی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ازالہ کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت پر دباو ڈالے تاکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیرمیں مداخلت کرے، وہاں مظالم رکوائے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔
تازہ ترین