• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت عمرفاروقؓ کے طرز حکومت سے استفادہ کرنا ہوگا، عمر توحیدی

اولڈہم (پ ر)پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ خلافت اسلامیہ کے تاجدار ثانی، قیصر و کسریٰ کے فاتح سیدنا حضرت عمر فاروقؓ رسول اللہ ﷺ کے انتہائی قریبی رفیق اور تاریخ اسلام کی الوالعزم عبقری شخصیت ہیں، آپ ؓ کے مقام علُو میں بیشترصحیح احادیث رسول ﷺ موجود ہیں،وہ یکم محرم الحرام یوم شہادت امام عدل و حریت ،حضرت عمرؓ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ رسالت مآبﷺکے چمن میں جس پھول نے پوری دنیا کو عدل و انصاف کی خوشبو سے معطر کیااور ظلم و استحصال کی چکی میں پسی ہوئی انسانیت جس پھول کی مہک سے پورے آب تاب سے معطر ہوئی وہ داماد علیؓ سیدنا فاروق اعظم ؓ تھے۔انھوں کہا کہ تاریخ ان صداقتوں پر گواہ ہے کہ دنیا کو کامل و اکمل اور مثالی نظام زندگی عطا کرنے والے آپؓ ہیں،آپؓ کا دورحکومت سادہ اور عاجزی کا زندہ جاوید نمونہ تھا،آپؓنے مسجد نبوی ﷺ میں بیٹھ کرجس کمال قوت اور حسن سیاست سے ریاست مدینہ کوجو وسعت بخشی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ عمر توحیدی نے مزید کہا کہ آپ ؓ نے قیصر و کسریٰ کے سروں سے تاج اورپائوں سے تخت کھینچ کر انسانیت کوان کے ظلم سے نجات دلائی، آج پاکستان میں نظام عدل امیر کے گھرکی لونڈی اور غریب کے گلے کا پھندہ بن کے رہ گیا ہے،لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت عمرؓکی طرز حکومت، عدل وانصاف پر مبنی قوانین اور ان کے درخشندہ اصولوں سے ریزہ چینی کی جائے تاکہ مملکت طمانیت کے کنول سے آراستہ ہوں۔ یوکے اسلامک مشن کے رہنما حاجی حق نوازخان نے کہا کہ آج بھی جس ملک نے عہد فاروقی ؓ کو مشعل راہ بنایااس نے ترقی کی معراج کو پالیا ہے۔آپ ؓ کے خدمت خلق کا یہ عالم تھا کہ ایک وسیع و عریض خطہ کے طاقتور حکمران ہوتے ہوئے بھی راتوں کو جاگ کر مدینہ کا گشت کرتے اور اپنے کندھوں پر سامان لاد کر غریبوں کے گھروں تک پہنچاتے،حکومتی خزانے کوذاتی مفادمیں نہ لاناعہد فاروقی کا سنہری باب ہے۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یکم محرم الحرام کو ملک بھر میں عام تعطیل کر کے نئی نسل کوفاروق اعظم کی عظمت لازوال اور تعلیمات کا درس دیا جائے۔
تازہ ترین