• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشن ایشیا کپ، قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی، امام الحق آج جائیں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پر عزم پاکستانی کرکٹ ٹیم مشن ایشیا کپ کی تکمیل کے لئے منگل کو دبئی پہنچ گئی ۔تاہم اوپنر امام الحق ویزہ مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات نہیں جاسکے ہیں۔پی سی بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو تاخیر سے متحدہ عرب امارات کا ویزہ تاخیر سے مل گیا ہے جس کے بعدوہ بدھ کی علی الصباح دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ امام الحق دبئی میں ٹیم کو جوائن کر لیں گے اور پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔پاکستانی ٹیم بدھ کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کرے گی۔منگل کی صبح دبئی پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے زیادہ تر وقت ہوٹل میں آرام کرکے گذارا۔پاکستان ٹیم ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی۔ایشیا کپ ہفتے سے شروع ہورہا ہے۔ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں فتح ماضی کا قصہ بن چکی ہے، نئے میچ میں نیا چیلنج ہوگا۔پاکستان کو ہر میچ میں تین سو رنز بنانا ہوں گے اور ایونٹ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔پاکستان سے قبل ہانگ کانگ افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی دبئی پہنچ گئیں۔بدھ کو بھارت کے علاوہ پانچوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن شیڈول ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شام چھ بجے پریکٹس کریں گی۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو اس بار ایشیا کپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ اس بار ایشیا کپ امید ہے سب سے بہتر ٹورنامنٹ ہوگا؛ کوئی بھی میچ آسان نہیں ہوگا۔نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دیگر ٹیموں سے بھی میچز آسان نہیں ہوں گے۔کئی بار بنگلہ دیش ایشیا کپ کی ٹرافی کے قریب آکر ناکام ہوگیاتھاامید ہے اس بار کامیابی ہوگی۔ پاکستان سپر لیگ کے میچز یہاں کھیل چکا ہوں تو تھوڑا برتری تو رہے گی مگر یہ اچھی کارکردگی دیکھانے کی ضمانت بھی نہیں ہے۔ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد، فخرزمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، حارث سہیل، محمد نواز، جنید خان، شاہین آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

تازہ ترین