آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
پیر10؍ربیع الاوّل 1440ھ 19؍نومبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کئی روز کی مندی کے بعد معمولی تیزی کے باعث 100 انڈیکس میں75 پوائنٹس کا اضافہ ہو ، 59.34 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاری مالیت میں 19ارب 30کروڑ 22لاکھ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت 2کروڑ 69لاکھ 56ہزار شیئرز زائد رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورمسلسل مندی کی وجہ سے حصص کی قیمتیں گرنے سے پرکشش سطح پر آنے کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے مخصوص کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کی جس کے نتیجے میں ابتدائی اوقات میں تیزی آنے سے 100 انڈیکس 350 پوائنٹس کے اضافے سے 40943 پوائنٹس کی کی بلند سطح پر پہنچ گیا لیکن 41 ہزار کی نفسیاتی حد کے قریب پہنچنے پر منافع کے حصول کی عرض سے حصص کی فروخت کا رجحان شروع ہوا جس سے تیزی کے اثرات زائل ہونے لگے اور انڈیکس 40519 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران اسی طرح اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب آگئے اور مارکیٹ کے اختتام پر

100انڈیکس 75.48 پوائنٹس کے اضافے سے 40759.53 پوائنٹس پربندہوا۔اسی طرح 30انڈیکس 40.01 پوائنٹس اضافے سے 20036.76 پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 411.43 پوائنٹس اضافے سے 68969.12 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 75.79پوائنٹس اضافے سے 29848.96 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 369 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 219 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 134 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ بیشترکمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 19ارب 30کروڑ 22لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 84کھرب 48ارب 38کروڑ 25لاکھ روپے ہوگئی ۔حصص کے لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 13کروڑ 95لاکھ 8ہزار شیئرز رہا جو عمومی طور پر کم لیکن پیر کے 11کروڑ 25لاکھ 52ہزار شیئرزکے مقابلے میں 2کروڑ 69لاکھ 56 ہزار شیئرز زائد ہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے لحاظ سے آئی لینڈ ٹیکسٹائیل کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 63.75 روپے اضافے سے 1338.75 روپے اورسیمنس کے حصص کی قیمت 18.87 روپے اضافے سے 927.75 روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی باٹا کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 19.99روپے کمی سے 1800.01 روپے اورجوبلی لائف انشورنس کے حصص کی قیمت 19.50 روپے کمی سے 630.50 روپے پربند ہوئی۔ گزشتہ روز بینک الحبیب کی سرگرمیاں ایک کروڑ 11لاکھ 48ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جب کہ دیگر کمپنیوں میں یونٹی فوڈز،فوجی فوڈز،بینک آف پنجاب ،ٹی آر جی پاکستان ، ڈیسکون آکسی چیم ،کے الیکٹرک ،الطہور لمیٹڈ ،فوجی سیمنٹ اورپاک الیکٹران کے حصص کا نمایاں کاروبار ہوا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں بھی محدود پیمانے پر اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں