• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالدیپ پاکستانی مصنوعات کیلئے بڑی درآمدی منڈی بن سکتا ہے،کریم ملک

اسلام آباد (اے پی پی) فیڈریشن آف پا کستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ مالدیپ پاکستانی مصنوعات کیلئے ایک بڑی درآمدی منڈی بن سکتا ہے، مالدیپ میں پاکستانی اشیاءکی بڑی مانگ ہے مگر مالدیپ میں بھارت اورخطے کے دیگر ممالک کی تیار کردہ مصنوعات کی شرح زائد ہے۔کریم عزیز ملک نے مالدیپ کے دورے سے واپسی کے بعد تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد مسلم آبادی والے اس ملک کی فی کس آمدنی 13ہزار 250 ڈالر ہے اور وہاں کاروبارکے بڑے مواقع موجود ہیں جس سے دیگر ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ میں پاکستانی چاول ، گوشت ،پولٹری، پھلوں، سبزیوں،سیمنٹ اور دیگر اشیاءکی بڑی مانگ ہے مگر وہاں تک سامان تجارت پہنچانا مسئلہ ہے۔بھارت اپنا سامان لانچوں اور دیگر ذرائع سے بھجوا رہا ہے جبکہ پاکستان سے ڈائریکٹ ٹریڈ کی سہولت موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات سری لنکا کے ذریعے جا رہی ہیں جہاں کی بندرگاہ چھوٹی ہونے کی وجہ سے سامان کئی ہفتوں تک وہیں پڑا رہتا ہے جس سے برآمدکنندگان کو نقصان ہوتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مالدیپ کی بڑی صنعت سیاحت ہے جبکہ اس کا زیادہ تر انحصار درآمدات پر ہے۔اس ملک کواعلیٰ تعلیم یافتہ ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی بھی بڑی ضرورت ہے جس سے فائدہ اٹھا کرپاکستان بے روزگاری کم اور زرمبادلہ کما سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان مالدیپ کا رخ کریں اور ایف پی سی سی آئی اس سلسلہ میں ان سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔کریم عزیز ملک نے مالدیپ میں وزراء اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے سفیر ائیر وائس مارشل(ر) وسیم اکرم سے ملاقات کے دوران ان کی خدمات کو سراہا۔

تازہ ترین