• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت کے شعبے میںسزا و جزا کانظام سخت کرنے کا فیصلہ

پشاور( جنرل رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو محکمہ صحت کی کارکردگی اورجاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ، ہیلتھ سیکرٹریٹ میں اس حوالے سے ایک اجلاس ہوا جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی اور صوبائی وزیر صحت کوصحت کے شعبے میں جاری منصوبوں، مختلف ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی، ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ہیلتھ سروسز، ادویات کی دستیابی کے علاوہ ایچ آرسے متعلق مختلف امورومسائل وغیرہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرصحت کو محکمہ کے تمام ڈیپارٹمنٹس سے متعلق الگ الگ بریفنگ بھی دی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ نظام کو مزید بہتربنایاجائے گاجس کے لیے وسائل میں اضافے کے ساتھ ساتھ سزاوجزا کا نظام بھی سخت کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ جو افسران اور ملازمین محنت وایمانداری سے کام کریں گے ان کو سراہا جائے گا جبکہ جو ملازمین اپنی ڈیوٹی بہترطریقے سے سرانجام نہیں دیں گے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جزاوسز کے بغیر نظام کو درست نہیں کیا جاسکتا ہے۔وزیرصحت نے بتایا کہ لوگوں کو ان کی گھروں کی دہلیز پر صحت کی بہترین ومعیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور دیگر سٹاف کی کمی کو دور کیاجائے گا جبکہ نچلی سطح پررورل ہیلتھ سنٹرز، بنیادی مرکز صحت اور دیگر ہسپتالوں کی کارکردگی کو بھی مزید بہتربنایا جائے گاجس کیلئے عملے کی بھرتی کے علاوہ انہیں تمام ترطبی سہولیات، مشینیں وآلات فراہم کی جائیں گی۔
تازہ ترین