• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا پر جوابی وارکیلئے تیار، روس اور چین تجارت میں ڈالرز کے استعمال میں کمی لائیں گے، پیوٹن

ماسکو (اے ایف پی) روس اور مغرب کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس اور چین تجارتی معاملات میں اپنی کرنسی کا استعمال بڑھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے کیساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ ’ تجارتی مقاصد کے لیے امریکی ڈالر کا استعمال کم کرتے ہوئے دونوں ممالک کو اپنی قومی کرنسی کا استعمال بڑھانا ہوگا ۔مشترکہ پریس بریفنگ سے قبل صدر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ نے روسی شہر ولادی ووسٹوک میں اقتصادی فورم میں شرکت کی تھی۔پیوٹن کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب عالمی مارکیٹ مشکلات کا شکار ہے، اس اقدام سے ان بینکوں کے استحکام میں اضافہ ہوگا جو درآمدات اور برآمدات کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔خیال رہے کہ سال 2014 میں یوکرائن کے علاقوں کریمیا پر قبضہ کرنے پر روس کو امریکا کی جانب سنگین ترین معاشی پابندیوں کا سامنا ہے۔چند ماہ قبل امریکا نے صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت اور برطانیہ میں سابق ڈبل ایجنٹ سرگئی اسکرپل اور اس کی بیٹی کو زہر دیے جانے کے الزامات پر روس پر مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔امریکا کی جانب سے عائد حالیہ پابندیوں اور مزید خطرناک اقدامات کی دھمکیوں کے بعد سے روسی کرنسی روبل کی قدر میں ڈالر اور یورو کے مقابلے میں تیزی سے کمی آئی ہے۔علاوہ ازیں چند مہینوں میں ڈالر کے مقابلے میں چینی کرنسی یوآن کی قدر میں تیزی سے کمی آئی ہے۔رواں برس جولائی میں پیوٹن کا کہنا تھا کہ سیاسی تنازعات ڈالر کے بطور گلوبل ریزرو کرنسی ڈالر کے استعمال کو نقصان پہنچارہے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ چینی کرنسی یوآن اب ریزرو کرنسی کی خصوصیات حاصل کررہی ہے۔

تازہ ترین