• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فورسز نے کشمیری عوا م کو یرغمال بنا کے رکھا ہوا ہے،جاویدمیر

کراچی(جاوید رشید)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جاوید احمد میر نے مزار شہداء عیدگاہ میں شہید مشتاق علی کو ان کی 22ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 31برسوں سے کشمیر کے صحافی برادری فوٹو جرنلسٹوں ، دانشوروں نے کشمیری عوام کے ہمراہ بے حد قربانیاں پیش کیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کو یرغمال بنا کے رکھا ہوا ہے،کشمیر کے دانشوروں ، صحافیوں نے بھی تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے آج بھی کشمیری صحافیوں کو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جاوید میر نے کہا کہ سرزمین کشمیر شہداء کے گرم گرم لہو سے سیراب ہوچکی ہے جس کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی سرزمین کو دن بہ دن انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں ، قتل و غارت گری کی تجربہ گاہ بنایا جا چکا ہے۔ جہاں پر بھارت کی فورسز نے اپنی من مانیوں کے ذریعے کشمیری عوا م کو یرغمال بنا کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر اور دوسرے اضلاع میں دوسری عالمی جنگ جیسے صورتحال کی نوعیت پائی جا رہی ہے۔ نوجوانوں ،بزرگوں ، مائوں بہنوں کے ذہنوں پر دہشت کا ایسا ماحول پایا جاتا ہے کہ جب نوجوان معصوم بچے ، مائیں بہنے گھروں سے اسکولوں ، کالجوں کی طرف روانہ ہوتی ہیں تو والدین اس سوچ اور پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں کہ ہمارے بچے شام تک صحیح سلامت گھر واپس پہنچے گے بھی کہ نہیں۔
تازہ ترین