• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپٹ عناصر دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں پیچھا کریں گے، چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی؍جنگ نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا، چاہے وہ دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں پیچھا کرینگے، نیب بلاخوف و ڈر اور اثر و رسوخ کے بدعنوانی کے خاتمہ کے اپنی قومی ذمہ داری نبھانے کیلئے پرعزم ہے، ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی آخری اننگز کھیل رہا ہوں، یادگار بنانا چاہتا ہوں، 90 کی دہائی میں جن کے پاس موٹر سائیکل تھیں ان کے دبئی میں جو ٹاور کھڑے ہیں اس کے بارے میں پوچھ لیا تو کیا گستاخی کی۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری کانچ کی گڑیا نہیں جو وزیراعظم سے ملنے پر ٹوٹ جائے، ہر سفارش نیب کے دروازے پر دم توڑ جاتی ہے، اس وقت پاکستان 90 ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہے، کیا نیب کا قانون کے تحت کوئی حق نہیں کہ جن لوگوں نے یہ قرض لیا ان سے پوچھے، زمین پر کوئی قرض نظر نہیں آرہا، قرض کا مقصد یہ تھا کہ عوام اور ملک کے لیے لیے جائیں لیکن ایسا نہیں ہوا، ان لوگوں سے جواب طلبی کرنا میرے فرائض میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نیب اقدامات سے تاجر برادری پریشان ہے حالانکہ لوگوں کو گیس، بجلی اور پانی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے جن کا ذمہ دار نیب نہیں ہے، امید ہے یہ پریشانیاں آہستہ آہستہ ختم ہو جائیں گی، اس کیلئے جس جذبہ کی ضرورت ہے وہ جذبہ پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے حقائق پر بات کروں گا، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا نہیں ہوئیں اور نہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو 39 ہزار 728 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں ایک ہزار 499 زیر التواءہیں جبکہ باقی کو نمٹا دیا گیا ہے۔ اسی طرح نیب کے پاس 764انکوائریاں، 174 انوسٹی گیشن زیر التواءہیں جبکہ 197بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ عدالتوں میں زیر التواءہیں۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 297 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو کہ نمایاں کا میابی ہے۔ نیب کے ان مقدمات میں تاجر برادری کے کسی نمائندے کا نام شامل نہیں ہے۔

تازہ ترین