• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازشریف کی جیل میں نوازشریف اور مریم سے ملاقات

لاہور(ایجنسیاں)بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خصوصی طیارے میں لاہور سے راولپنڈی پہنچے جہاں انھوں نے اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نوا زسے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اورحمزہ شہبازنے اڈیالہ جیل میں نواز شریف ،مریم اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو بیگم کلثوم کے انتقال کی خبر دی جس پر نواز شریف ،مریم اور کیپٹن(ر) محمد صفدر آبدیدہ ہو گئے۔بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سن کر میاں نواز شریف اور مریم نواز کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، کیپٹن (ر) صفدر اور حنیف عباسی انہیں دلاسہ دیتے رہے، جیل میں موجود خواتین قیدیوں نے مریم نواز کو دلاسہ دیا، مریم نواز نے والدہ سے ملے ہوئے 2ماہ ہوجانے اور ان سے بات نہ ہونے کا بار بار تذکرہ کیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق والدہ کے انتقال کی خبر سننے کے بعد مریم نواز انتہائی غم زدہ ہوگئیں۔ اہل خانہ مریم نوازکو سنبھالنے کی کوشش کرتے رہے۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور اہلخانہ نے مریم نواز کو خود پر قابو رکھنے کو بار بار کہا۔وہ والدہ کا چہرہ آخری کال پر ہی دکھادینے کی بات کرتی رہیں۔ مریم نواز نے اپنے بچوں کو بھی کافی دیر تک گلے لگائے رکھا۔
تازہ ترین