• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا کھیلوں میں انتظامی اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدرات قبائلی علاقوں (فاٹا)کے انضمام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائل کے رسم و رواج کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نئے نظام کے نفاذ کو قابل عمل بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت یقینی بنائی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی کے مزید مواقع یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں کوئی فرد بے روزگار نہ ہو۔ قبائلی علاقوں کے عوام کیلئے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مختص کوٹہ متاثر نہ ہو۔ وزیراعظم نے سابقہ قبائلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نظام کو رائج کرنے کیلئے کوشش تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کے بارے میں ٹاسک فورس قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے جو کھیلوں کی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور اسپورٹس میں انتظامی اصلاحات کے لئے اپنی سفارشات دے گی۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز ایک اجلاس میں دی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور دیگر اعلیٰ افسروں نےشرکت کی۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن جمیل احمد نے وزارت اور اس کے ذیلی اداروں بشمول پاکستان اسپورٹس بورڈ، پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمین، پاکستان وٹرنری میڈیکل کونسل، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور نیشنل انٹرن شپ پروگرام کے فرائض اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزارت کے بجٹ اور کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات پر بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2008کے بعد اربوں روپے مالیت کی اہم اسکیمیں نامکمل چھوڑدی گئی ہیں اور انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ میں معمولی پراگرس ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تمام نامکمل اسکیموں کا جائزہ لیا جائے تاکہ ان کے استعمال اور عدم تکمیل کی وجوہات کا تعین کیاجاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ احسان مانی کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس برائے اسپورٹس تشکیل دی جائے گی جو کھیلوں کے تمام اداروں کی کارکردگی کاجائزہ لے گی۔ مختلف ذرائع سے ملنے والے فنڈز کے استعمال کا تجزیہ کرے گی اور علاقائی و قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے انتظامی اصلاحات تجویز کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پہلے مرحلے میں کھیلوں کے گرائونڈز میں اضافہ کیاجائے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔ نوجوانوں کے پروگراموں پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایاگیا کہ نیشنل انٹرن شپ پروگرام کے تحت وظائف کی مد میں ایک ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی باقی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ نیشنل انٹرن شپ پروگرام کو مستحکم بنایاجائے اور گریجویٹ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت اور عملی مہارت کے حصول کے مواقع فراہم کئے جائیں وزیراعظم کو نیشنل پارٹمپک کمیٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا۔
تازہ ترین