• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6نئے وزراء کی حلف برداری، محمد میاں سومرونے معذرت کر لی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے 6 نئے وزراء اور وزرائے مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء اور وزرائے مملکت سے حلف لیا۔تقریب کے دوران علی محمد خان، عمر ایوب اور علی زیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ 20 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی ابتدائی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جبکہ اُسی روز 5 مشیروں کے بھی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، جس کے بعد یہ تعداد 21 ہوگئی تھی۔ بعدازاں شہریار آفریدی کو کابینہ میں شامل کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان سونپا گیااور منگل کو 6 نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کُل تعداد 28ہوگئی ہے۔ادھرپاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد میاں سومرو وزیر مملکت کا عہدہ دیئے جانے پر ناراض ہوکر حلف اٹھائے بغیر کراچی آگئے۔وفاقی حکومت نے محمد میاں سومرو کو وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انہوں نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے اور حلف اٹھانے سے بھی انکار کردیا۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا تاہم محمدمیاں سومرو حلف اٹھائے بغیر کراچی واپس آگئے۔ذرائع کے مطابق محمدمیاں سومرو کو حلف برداری سے کچھ دیر قبل وزیر مملکت کا عہدہ دینے سے آگاہ کیا گیا تھا ۔
تازہ ترین