• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر میں سرکاری دکانوں کا کرایہ مارکیٹ سے انتہائی کم

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ بورڈ کی دکانوں کا صدر جیسے اہم علاقےمیں صرف 60روپے سکوائر فٹ لیا جارہاہے جو مارکیٹ ریٹ سے انتہائی کم بتایا جاتا ہے جبکہ الاٹی آگے کئی کئی گنا ان دکانوں کے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ ایک طرف جس ادارے کیلئے اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینا مشکل ہو رہا ہے وہاں صدر جیسے ایریاز میں سرکاری دکانوں کے اتنے کم کرائے سمجھ سے بالاتر ہیں ، لینڈ ریونیو ریکارڈ کے مطابق کامران مارکیٹ میں الاٹ کردہ دکانوں کا کرایہ 60 روپے فی سکوائر فٹ ہے ، پریمیم ادا کرنے والی دکانوں کے کرائے کم رکھنے کی بات تو سمجھ آتی ہے کہ کروڑوں روپے پہلے پریمیم کی مد میں وصول کر لئے جاتے ہیں جبکہ نان پریمیم والی دکانوں کے کرائے اس قدر کم کیوں لئے جا رہے ہیں ، راولپنڈی کینٹ بورڈ کی مجموعی طور پر 738دکانوں کی سالانہ ڈیمانڈ 7کروڑ روپے بتائی جاتی ہے اگر مارکیٹ ریٹ کے مطابق ان کا کرایہ وصول کیا جائے تو یہ ڈیمانڈ ڈبل بھی ہو سکتی ہے ۔لینڈ ریونیو شعبہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کئی مرتبہ کرایوں کی شرح بڑھانے کے بعد کم کرنا پڑ گئی ہے اب دوبارہ الاٹ کردہ دکانوں کے کرائے مارکیٹ کے مطابق کرنے کیلئے مسودہ تیار کیا گیا ہےجو آئندہ چند روز میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں منظوری کیلئے رکھا جائے گا۔
تازہ ترین