• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مادری زبانوں کے فروغ اور ترویج کے لئے تنظیم قائم

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ) پاکستان کی مادری زبانوں کے فروغ اور ترویج کے لیے مشترکہ تنظیم ’’سرائیکی ، ہندکو، براہوی (سہب)کونسل قائم کر دی گئی جس کا مقصد پاکستان کی تمام علاقائی زبانوں سے محبت کا اظہار کر کے قومی سطح پر یگانگت اور باہمی یک جہتی کی فضا قائم کرنااور ان کے ادب و ثقافت کو فروغ دینا ہے۔اجلاس میں اظہارمحمد ضیاء الدین چیئرمین گندھارا بورڈ، ڈاکٹر صلاح الدین مینگل چیئرمین براہوی اکیڈمی، سعدیہ کمال صدر سرائیکی ادبی اکیڈمی ، زاہد براہوی اور شاہد دھریجہ نے شرکت کی ۔ عہدیداروں میں محمد ضیاء الدین صدر،سعدیہ کمال سینئر نائب صدر، زاہد براہوی نائب صدر، ڈاکٹر صلاح الدین مینگل جنرل سیکرٹری اور شاہد دھریجہ کوپریس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مادری زبانوں کی ترویج و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ تمام زبانیں ہماری قومیت کی پہچان ہیں۔پنجاب میں پنجابی زبان، خیبر پختونخواہ میں پشتو اور بلوچستان میں بلوچی زبان کو ترویج و ترقی تو دی جارہی ہے لیکن ان تینوں صوبوں میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں سرائیکی ، ہندکو اور براہوی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے کئی سفارشات اتفاق رائے سے منظور کیں۔جن میں کہا گیا کہ قومی لسانی پالیسی کی تشکیل ، ترویج اور نفاذ کیلئے ماہرین اور نمائندہ اداروں/افراد پر مشتمل باقاعدہ قومی لسانی کمیشن بنایا جائے۔ تمام پاکستانی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے ادارے قائم کئے جائیں اور جو ادارے کام کررہے ہیں انھیں مزید مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔
تازہ ترین